دریائوں اورندی نالوںمیں پانی کی سطح بڑھ جانے پرکڑی نظررکھنے کیلئے ٹیمیں تشکیل
سری نگر//گزشتہ48گھنٹوں سے جاری موسلادار بارشوں اورموسمی صورتحال دگرگوں رہنے کے بیچ کشمیر اور جموں کی صوبائی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے ،اورکسی بھی امکانی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات روبہ عمل لانے کیساتھ ساتھ تمام ضلعی ترقیاتی کمشنروںکو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال کامقابلہ کرنے کیلئے متعلقہ افرادی قوت اور مشینری کو تیاری کی حالت میں رکھیں ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس کی جانب سے جمعہ کے روز ایڈوائزری خطوط موصول ہونے کے بعد صوبائی کمشنر کشمیر اور جموں ڈویژن کے ڈویژنل کمشنر نے محکمہ آبپاشی وسیلاب کنٹرول کے چیف انجینئروں سے بات کی ،اوراُن سے دریائوں اورندی نالوںمیں پانی کی سطح بڑھنے کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔دونوں صوبائی کمشنروںنے دونوں صوبوںکے سبھی ڈپٹی کمشنروں سے بات کرکے اُنھیں ضروری ہدایات دیں ۔صوبائی کمشنروںکی ہدایت پر بیشتر ضلعوںمیں کنٹرول روم متحرک کئے گئے اور دریائوں نیز ندی نالوںمیں پانی کی سطح تیزی کیساتھ بڑھنے اور کچھ ندی نالوںمیں طغیانی کی صورتحال پیداہونے پر کڑی نظر رکھنا شروع کردی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ کشمیر اورجموں خطے کے کئی ڈپٹی کمشنروںنے اپنے یہاںکنٹرول روم متحرک کرکے ان کے نمبرات عام کردئیے ،تاکہ کسی بھی علاقے میں سیلاب جیسی کوئی صورتحال پیداہونے پروہاںکے لوگ کنٹرول روم سے فوری رابطہ کرسکیں اورفوری اطلاع ملنے پرایسے علاقوںمیں ہنگامی بنیادوں پر بچائو کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔ذرائع نے بتایاکہ صوبائی اور ضلعی ترقیاتی کمشنروںکی ہدایت پر محکمہ آبپاشی وسیلاب کنٹرول کو بھی متحرک کیاگیا ہے اور متعلقہ محکمہ نے دریائوں اورندی نالوںمیں پانی کی سطح بڑھ جانے پرکڑی نظررکھنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ایسی ٹیموں سے کہاگیا ہے کہ وہ کسی بھی جگہ دریائوں اورندی نالوںمیں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچنے پرقریبی واقع رہائشی بستیوں اورعلاقوں میںفوری بچائو کارروائیوںکا بگل بجادیں۔محکمہ اری گیشن وفلڈ کنٹرول نے اپنے طور پر دریائوں اور ندی نالوں نیز بڑی جھیلوںکے قریب واقع علاقوں کے لوگوںکو مشورہ دیاہے کہ وہ پانی کی سطح بڑھ جانے کی صورت میں الرٹ رہیں ۔










