کشمیر کے حالات اس وقت تک نہیں سدھریں گے جب تک بھارت، پاک مذاکرات نہیں کریں گے، فاروق عبداللہ

کرکٹ ایسوسی ایشن میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کامعاملہ

فاروق عبداللہ پر EDکے سامنے پیش،کہاکہ انتخابات کے پیش نظروہ اس وقت تک ہمیں پریشان کریں گے

سری نگر//نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ منگل کو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں پوچھ گچھ کیلئے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سامنے پیش ہوئے۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر کے لوک سبھا رکن عبداللہ صبح 11 بجے راج باغ میں ED کے دفتر پہنچے۔ اندر جانے سے پہلے سابق وزیر اعلیٰ نے نامہ نگاروں سے بات کی اور اپنے سوالوں کو جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے جوڑ دیا۔انہوں نے کہا، ’’میں (سمن کے بارے میں) زیادہ نہیں کہوں گا ، وہاں انتخابات ہونے ہیں اور وہ اس وقت تک ہمیں پریشان کریں گے‘‘۔27 مئی کو، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں عبداللہ کو سری نگر کے دفتر میں طلب کیا۔ حکام نے بتایا کہ سابقہ جموں و کشمیر ریاست کے تین بار وزیر اعلیٰ رہنے والے84 سالہ عبداللہ نے 2019 میں اسی معاملے میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ نیشنل کانفرنس نے کہا کہ تجربہ کار رہنما حکام کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے جیسا کہ انہوں نے ماضی میں کیا ہے۔