کرناہ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار

سرما کا بجلی شیڈول گرمیوں میں بھی جاری عوام پریشان

سرینگر//سرحدی تحصیل کرناہ میں لوگ محکمہ بجلی کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں کیونکہ مارچ کا مہینہ بھی ختم ہونے کو ہے مگر بجلی محکمہ نے جو بجلی شیڈول سرما کیلئے رکھا تھا اسی پر قائم دائم ہے اور لوگ بجلی کی آنکھ مچولی سے سخت پریشان ہیں۔کیونکہ انہیں گھنٹوں ہابجلی سے محروم رکھا جاتا ہے ۔کرناہ تحصیل کے میٹرڈ اور غیر میٹر والے دونوں علاقوں میں صارفین کو مسلسل بجلی کی کٹوتیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ٹنگڈار اور اس کے مضافات کے مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس نمائندہ پیرزادہ سعید کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ شیڈول پر عمل نہیں کرتا جس کی وجہ سے امتحان کی تیاری کرنے والے طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جب PDD نے ہمارے علاقے میں میٹر لگائے تو ہمیں بتایا گیا کہ ہمیں چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی، لیکن ان کے وعدے پورے نہیں ہوئے۔کرناہ کے بغیر میٹر والے اور دور افتادہ دیہاتوں جیسے کنڈی، جبڑی ، گبرا، جاڈا، ناچیاں اور باغبیلہ میں بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہاکہ “PDD مسلسل بجلی کی کٹوتی کر رہا ہے جس کا خمیازہ عام صارفین کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔جبکہ کنڈی بالا گاؤں کے مکینوں کے مطابق کئی سال قبل ان کے گائوں میں ایک بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا گیا جامہ مسجد کنڈی پیر محلہ کے نزدیک نصب یہ ٹرانسفارمر اکثر وبیشتر اور لوڈ ہو جاتا ہے اور اس وجہ سے پوری بستی گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتی ہے کیونکہ برسوں گزر جانے کے باوجود بھی اسکی صلاحیت کو بڑھایا نہیں گیا ہے جبکہ گائوں میں چار برسوں کے دوران آبادی میں تین گناہ اضافہ ہوا ہے۔کنڈی بالا کے لوگوں نے بتایا کہ اس ٹرانسفارمر پر پیر محلہ قریشی محلہ خان محلہ اور دیگر محلوں کا انحصار ہے لیکن یہ محلہ جات بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں۔گائوں کے لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار اس تعلق سے محکمہ بجلی کے اعلی حکام کو آگاہ کیا لیکن اس جانب کوئی بھی دھیان نہیں دیا گیا ایسا ہی حال کرناہ کے دیگر گائوں دیہات کا بھی ہے جہاں لوگ بجلی کی آنکھ مچولی سے پریشان ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس وقت امتحان چل رہے ہیں اور بچے شمع جلا کر اپنی تعلیم پڑھنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کبھی کبار بجلی آبی جاتی ہے لیکن اس کی ولٹیج اتنی کم ہوتی ہے کہ شمع جلا کر دیکھنا پڑھتا ہے کہ یہ بجلی جل رہی ہے یا نہیں۔مقامی لوگوں نے بجلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سپلائی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بجلی ٹرانسفارمر کی صلاحیتوں کو بڑھایا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔