کرشی وِگیان کیندر کے ملازمین کی نائب وزیرا علیٰ سے ملاقات

کرشی وِگیان کیندر کے ملازمین کی نائب وزیرا علیٰ سے ملاقات

جموں//سکاسٹ جموں کے کرشی وِگیان کیندر ( کے وِی کے) ملازمین کے ایک وفد نے نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری سے ملاقات کی او رانہیں اَپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔وفد نے ملازمین کو حائل کئی دشواریوں کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ ضروری الائونسز جن میں میڈیکل ، ٹرانسپورٹ کے علاوہ نیشنل پنشن سکیم ( این پی ایس) میں ملازموںکی حصہ داری میں کٹوتیاں شامل ہیں۔ وفد نے وضاحت کی کہ یہ کٹوتیاں کے وی کے عملے کے لئے مالی دباؤ کا باعث بنی ہے جو دیہی علاقوں میں زرعی اختراعات کو فروغ دینے اور کسانوں کی فلاح و بہبود کی سکیموںکا سپورٹ کرنے کے لئے انتھک محنت کرتے ہیں۔ اُنہوں نے یونیورسٹی پر زور دیا کہ وہ بروقت ترقیوں کو یقینی بنا کر اور زیر اِلتوأ الاؤنسز بشمول این پی ایس کنٹری بیوشن کو جاری کرکے ان تفاوتوں کو دور کرے تاکہ وہ زرعی کمیونٹی کی مؤثر طریقے سے خدمت جاری رکھ سکیں۔نائب وزیراعلیٰ نے وفد کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ وہ اِس معاملے کو وزیر زراعت کے ساتھ اُٹھائیں گے تاکہ اس کا حل تلاش کیا جاسکے۔