کرسوراجباغ کی مسجد کمیٹی نے کیاانسان دوستی کاعملی مظاہرہ

بہار کے ایک متوفی شخص کومقامی مقبرہ میں جگہ فراہم

سری نگر//کرسوراجباغ کی مسجد کمیٹی نے انسان دوستی کامظاہرہ کرتے ہوئے بہار کے ایک متوفی شخص کومقامی مقبرہ میں جگہ فراہم کی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ریاست بہار کے ضلع آرادیا کے ایک گائوںکارہنے والا50سالہ محمد مسیح اپنے اہل وعیال کی کفالت کیلئے کشمیر میں محنت مزدوری کرتا تھا۔5بیٹیوں اور3کمسن بیٹوں کاباپ محمد مسیح یہاں پینٹریارنگساز کے بطورکام کرتا تھا،اورکچھ دیگر ساتھی مزدوروں کیساتھ شہر کے پادشاہی باغ علاقہ میں کرایہ کے کمرے میں رہتاتھا۔اُس کے ساتھی مزدوروںنے بتایاکہ محمد مسیح جمعرات کی صبح اس دارفانی سے رحلت کرگیا۔انہوںنے کہاکہ ہم اسکی میت کوآبائی گھر پہنچانے کی سکت نہیں رکھتے تھے اوراسکے ورثاء کی اجازت ورضامندی سے ہم نے محمد مسیح کی آخری رسومات یہیں انجام دینے کافیصلہ لیا۔انہوںنے کہاکہ پادشاہی باغ کے لوگوںنے نامعلوم وجوہات کی بناء پر محمد مسیح کووہاں قبرستان میں دفنانے کی اجازت نہیں دی ،جسکے بعدکرسو راجباغ میں رہنے والے ہمارے کچھ ساتھیوںنے یہاںکی مسجد کمیٹی سے رجوع کیا ،جس نے ہمیں محمد مسیح کویہاں کے مقبرے میں سپردخاک کرنے کی اجازت دی ۔جسکے لئے بیرون ریاستوں کے محنت کشوں وکاریگروںنے کرسو راجباغ کے لوگوں اوریہاںکی مسجد کمیٹی کاشکریہ اداکیا۔اس دوران برستی بارش میں محمد مسیح کی نماز جنازہ حنفیہ جامع مسجد کرسو راجباغ میں اداکی گئی ،جس میں درجنوں غیرریاستی مزدوروں اورمقامی لوگوںنے شرکت کی ۔جامع مسجد کے امام نے نماز جنازہ پڑھائی ،جسکے بعدمحمد مسیح کی میت کویہاںکے قبرستان میں سپردلحدکیاگیا۔