5 members of a non-local family died due to suffocation

کرالہ پورہ کپوارہ میں دوران شب گیس خارج ہونے واقعہ رونما

غیر مقامی خاندان کے5افراددم گھٹنے سے لقمہ اجل

کپوارہ// جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے کرالہ پورہ علاقے میں بدھ کو ایک غیر مقامی خاندان کے کم از کم 5 افراد بشمول 3 بچوں کی مشتبہ دم گھٹنے سے موت واقعہ ہو گئی۔جے کے این ایس نامہ نگار طارق راتھر کے مطابق پولیس نے اس المناک واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بجنور اُتر پردیش سے تعلق رکھنے والے5 افراد جو نائی کا کام کر رہے تھے، کرالپورہ کپوارہ میں اپنے کرائے کے کمرے میں مشتبہ گیس کے اخراج کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بجنور کے رہنے والے ماجد انصاری(نائی) کا پوراکنبہ ایک کرائے کے مکان میں بے ہوش پایا گیا۔ ایک مقامی ڈاکٹر جس نے چیک کیا، ان سب کو مردہ قرار دے دیا۔مشتبہ طور پر گیس کے اخراج سے دم گھٹنے کے باعث مرنے والوں کی شناخت35سالہ ماجد انصاری،اُسکی بیوی30سالہ سوہانہ خاتون اور ان کے بچوں4سالہ فیضان انصاری ،3سالہ ابو زر اور ایک شیر خوار کے طور پر کی گئی ہے۔کپوارہ پولیس نے3بچوں سمیت ایک ہی کنبے کے5افراد موت کی اصل وجہ جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ اسے پہلے پولیس تھانہ کرالہ پورہ کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کادورہ بھی کیا،اور یہاں اس کمرے کاجائزہ لیا ،جس میں ان سبھی پانچ افراد کومردہ پایاگیا۔بلاک میڈیکل افسر کرالپورہ نے غیر مقامی کنبے کے5 افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ دم گھٹنے کا ممکنہ معاملہ ہو سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ لاشوں کاپوسٹ مارٹم کرنے کے بعدہی اصل تفصیلات سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے متوفی افرادکی لاشوں کو اسپتال لانے کے لئے 2 ایمبولینس بھیجیں۔بی ایم ائو موصوف نے کہاکہ ایک بار جب ہمیں اصل تفصیلات معلوم ہوں گی، ہم اس کومیڈیا کیساتھ شیئر کریں گے۔