سرینگر//ڈائریکٹر جنرل جے اینڈ کے انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ ( امپارڈ ) سوربھ بھگت نے آج پنچائت راج اداروں ( پی آر آئیز ) اور فیلڈ فنکشنریوں کیلئے مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں ( CSSc ) پر جموں اور گاندر بل اضلاع میں ایک روزہ اورنٹیشن پروگرام کا افتتاح کیا ۔ اس پروگرام کا اہتمام جے اینڈ کے امپارڈ نے محکمہ دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے اشتراک سے کیا تھا ۔ اپنے افتتاحی خطاب میں ڈائریکٹر جنرل نے پی آر آئیز کے تمام کارکنوں کی استعداد کار میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ وہ اپنے پنچائتی علاقوں میں عام لوگوں کو موثر طریقے سے خدمات فراہم کر سکیں ۔ دیہی ترقی اور پی آر آئیز کے مرکز کے سربراہ پروفیسر ریواشرما نے اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران جموں و کشمیر یو ٹی میں ایم جی نریگا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی من پریت کور نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پردھان منتری آواس یوجنا ( پی ایم اے وائی ) ، ایم جی نریگا ، سوچھ بھارت مشن ، قومی دیہی جیسی تمام اہم اسکیموں کے موثر نفاذ کیلئے لوگوں کی شرکت کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی آر آئیز کا اولین فرض ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مہم کے ذریعے تمام اسکیموں کی وسیع تشہیر کریں ۔ من پریت کور نے کچرے کو ٹھکانے لگانے کیلئے 15 اگست تک ہر پنچائت میں کچرا شیڈ قائم کرنے کی ہدایت دی ۔ پروگرام کے دوران جن دیگر معززین نے خطاب کیا ان میں سیکرٹری آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ پریرنا پوری ، سابق سربراہ ایس آئی آر ڈی راجستھان پروفیسر انیتا برانڈن اور ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں محمد ممتاز علی شامل تھے ۔










