Tragic road accident in Dixom Kkernag

ڈکسم ککرناگ میں المناک سڑک حادثہ

5بچوں اور پولیس اہلکار سمیت 8افراد لقمہ اجل ، علاقے میں کہرام

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، 4سابق وزرائے اعلیٰ سمیت متعدد لیڈران کااظہار دکھ

سرینگر//ڈکسم ککرناگ میں سڑک کے ایک حادثے میں پانچ بچوں اور ایک پولیس اہلکار سمیت 8افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔ اس حادثے دو خواتین بھی ازجان ہوئیں ہیں جبکہ ہلاکتوں کی وجہ سے علاقہ ماتم کدے میں تبدیل ہوا اور وہاں کہرام مچ گیا ۔ ادھر اس دلدوز سڑک حادثے پر جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، چیف سیکریٹری اٹل ڈلو، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، سابق وزرائے اعلیٰ جموں کشمیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ محبوبہ مفتی اور غلام نبی آزاد کے علاوہ دیگر لیڈران بشمول محمد الطاف بخاری ، سجاد غنی لون ، محمد یوسف تاریگامی اور دیگر ان نے شدید غم و افسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کااظہار کیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ڈکسم ککرناگ میں اتوار کے روز اُس وقت قیامت صغرا بپا ہوئی جب ایک گاڑی حادثے کی شکار ہوئی جس میں 5بچوں سمیت 8افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ وی او آئی کو نمائندے نے بتایا کہ سنتھن کوکرناگ روٹ پر ایک سڑک حادثے میں ایک پولیس اہلکار اور پانچ بچوں سمیت آٹھ افراد کی موت ہو گئی۔اس حادثے سے متعلق سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کوکرناگ، سہیل احمد لون نے بتایا کہ ارشان ڈکسم کے قریب یہ حادثہ پیش آیا اور گاڑی مدوا کشتواڑ سے آرہی تھی ۔ انہوںنے کہا کہ حادثہ کے بعد اگرچہ بچائو کارروئیاں شروع کی گئیں اور سبھی افراد کو شدید زخمی یا نیم مردہ حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم ان میں سے 8کی موت واقع ہوچکی تھی۔ مہلوکین کی شناخت اس طرح سے ہوئی ہے ۔امتیاز احمد راتھر ولد غلام رسول راتھر ساکن کشتواڑ، جس کی عمر 45سال بتائی جارہی ہے ۔ 40سالہ افروزہ بیگم اہلیہ امتیاز احمد راتھر ساکن کشتواڑ، چالیس سالہ ریشما اہلیہ ماجد احمد ، 12سالہ اریبا امتیاز دختر امتیاز احمد ، انیا جان دختر امیتاز احمد جس کی عمر دس برس بتائی جارہی ہے ۔ ابیان امتیاز دختر امتیاز احمد عمر 6برس ، مصیب ماجد ولد عبدالماجد عمر 16سال اور مشال ماجد ولد ماجد احمد اس کی عمر 8سال بتائی گئی ہے ۔ ادھر اس حادثے کے نتیجے میں علاقے میں کہرام مچ گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوئیں جبکہ خواتین سینہ کوبی کرتی نظر آئیں اور علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی ۔ دریں اثناء لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو اننت ناگ کے ڈکسم میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’مجھے آج ڈاکسم، اننت ناگ میں ایک بدقسمت سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ہے۔ انہوںنے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں میری پوری ہمدردی متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہے انہوںنے مزید کہا کہ میں نے متاثرہ خاندان کو تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں۔ ادھر اس المناک سڑک حادثے پر جموں کشمیر کے سابق 4وزرائے اعلیٰ سمیت متعدد لیڈران نے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ ، پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، ڈیمو کریٹک آزاد پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد، اپنی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر محمد الطاف بخاری ، پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون، محمد یوسف تاریگامی ، سید بشارت بخاری، کے علاوہ میر واعظ کشمیر ڈاکٹر محمد عمر فاروق کے ساتھ ساتھ دیگر لیڈران بشمول مفتی ناصر الاسلام نے اس سڑک حادثے میں مرنے والے افراد کے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیا اور مرحومین کے حق میں دعائے مغفرت کی ہے ۔