سری نگر// ایک اہم پیش رفت میں،جموں پولیس نے یہاں شہر کے مضافات میں جھاجر کوٹلی کے قریب ایک مسافر بس سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔جے کے این ایس کے مطابق جموں پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ معمول کی حفاظتی مشق اور ایک چیک پوائنٹ پر چیکنگ کے دوران یہاں جھاجر کوٹلی میں ایک مسافر بس کوروک کر جب اسکی تلاشی لی گئی توبس سے جیلیٹن کی چھڑیوں(Gelatin-Sticks )کی شکل میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔انہوں نے کہاکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پریہاں طلب کرکے کام میں لایا گیا اور ایک کنٹرول شدہ میکانزم کے ذریعے دھماکہ خیز مواد کو اڑا دیا گیا۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈوڈہ سے جموں کی طرف آنے والی بس میں ایک لاوارث بیگ ملا ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ مسافربس کو ایک چیک پوائنٹ پر روکا گیا اور جب اسکی چیکنگ کی گئی تواس میں پڑے ایک لاوارث بیگ سے جیلیٹن کی چھڑیاں، ڈیٹونیٹر اور ایک تار ضبط کر لیا گیا۔انہوںنے کہاکہ بعدازاں بم ڈسپوزل اسکارڈنے دھماکہ خیز مواد کوناکارہ بنادیا۔پولیس ذرئع نے مزید کہا کہ متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔










