ڈرین کی کھدائی کے دوران واٹر پائپ میں شگاف

ڈرین کی کھدائی کے دوران واٹر پائپ میں شگاف

یوسف آباد بمنہ کاعلاقہ اورمین سڑک زیرآب

سری نگر//بڈگام روڑ پر واقع علاقہ بمنہ کی یوسف آباد بستی کی آبادی گھروں میں محصور ہوکررہ گئی ہے جبکہ چار دنوں سے پینے کاپانی بھی میسر نہیں ہے ۔مین سڑک کے زیرآ ب آنے کی وجہ سے اسکولی بچوں ،ملازمین اوردیگرلوگوں کیلئے عبورومرور ایک عذاب بن گیاہے ۔مقامی لوگوںنے جے کے این ایس کوبتایاکہ کچھ روز قبل یہاں سڑک کنارے ایک بڑی ڈرین کی تعمیر کاکام شروع کیاگیا،اورپہلے مرحلے میں ڈرین کی کھدائی کاکام جاری ہے ۔انہوںنے بتایاکہ کھدائی کی وجہ سے پہلے ہی مقامی آبادی آواجاہی میں مشکلات کاسامنا کررہی تھی ،لیکن چار روزقبل یوسف آباد بمنہ کے لوگ اُسوقت پینے کے پانی سے محروم ہونے کیساتھ ساتھ گھروںمیں محصور ہوکررہ گئے ،جب یہاں ڈرین کی کھدائی کے دوران نزدیک ہی واقع واٹر ٹینکی کی ایک زیرزمین پائپ میں شگاف پڑگیا ،اورپائپ سے خارج ہونے والے پانی نے پوری سڑک کوایک تالاب بنادیا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ بمنہ بڈگام سڑک یوسف آباد کے مقام پرپوری طرح سے زیرآب آگئی ہے ،اوریہاں سے پیدل چلنا ناممکن بن گیا ہے جبکہ چھوٹی گاڑیاں اورٹوویلر بھی یہاں سے باآسانی گزرنہیں پارہے ہیں ۔لوگوںنے مزید کہاکہ صبح کے وقت بچوں کواسکول پہنچانا اورسہ پہرکے وقت اُن کواسکول سے واپس گھر لانا مشکل بن گیا ہے جبکہ اسکول جاتے وقت طلباء وطالبات اوردفتر جاتے ملازمین کے کپڑے سڑک پرجمع پانی سے گندے اورگیلے ہوجاتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ چاردنوں سے یہاں لوگوں کے گھروں تک پانی کی سپلائی منقطع ہے ،جس وجہ سے مقامی مردوزن کواب باہری نلوں سے پانی برتنوںمیں لانا پڑرہاہے ۔یوسف آباد بمنہ کے لوگوںنے حکام سے اپیل کی کہ ڈرین کی تعمیر کے کام میں سرعت لانے کیساتھ ساتھ ٹوٹی ہوئی واٹر پائپ کی فوری مرمت کرائی جائے ،تاکہ پینے کے پانی کی سپلائی بحال ہوسکے ۔