ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن نے کیلر شوپیاں کا تفصیلی دورہ کیا

شوپیان//ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن جموں و کشمیر اَنو ملہوترا نے ضلع میں سوچھ بھارت مشن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کیلر شوپیاں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اُن کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر پنچایت شوپیاں منظور احمد، بی ڈی او رام نگری و کنجیولر گلزار احمد، ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اِی ڈبلیو شوپیاں کے علاوہ آر ڈی ڈی کے دیگر افسران اور ملازمین بھی تھے۔اُنہوں نے بلاک شوپیاں کی پنچایت حلقہ شرمل، پہنو، بلاک کیلر کی پنچایت حلقہ نارپورہ، بالپورہ، زم پتھری، رام نگری بلاک کے کنجیولر اور امشی پورہ کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے ایس بی ایم گرامین کے تحت بنائے گئے مختلف اثاثوں جیسے سیگریگیشن شیڈز، کمیونٹی سوکیج پٹس، پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ شیڈز اور یونٹس، کمیونٹی کمپوسٹ پٹس اور ضلع کے دیگر اثاثوں کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے گھر گھر جا کرکوڑا کرکٹ جمع کرنے اورویسٹ مینجمنٹ کا جائز ہ لیا۔ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن نے تعلیمی اِداروں کا دورہ کیا اور اِداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ طلبأ کو صفائی ستھرائی کا ایجنٹ بنائیں۔ اُنہوں نے مختلف بیت الخلا ٔ اور کمیونٹی سینٹری کمپلیکس کا دورہ کیا۔اُنہوں نے ایس بی ایم گرامین کے تحت مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ضلع کو کوڑاکرکٹ سے پاک بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ یونٹوں کو فعال بنانے اور بجلی کی فراہمی کے یونٹوں کی تنصیب پر زور دیا۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ سالڈ ویسٹ سیگریگیشن شیڈز کو گھر گھر جا کر جمع کرنے کو باقاعدہ عمل بناکر فعال بنایا جائے۔اسسٹنٹ کمشنر پنچایت شوپیاں نے ڈائریکٹر جنرل کوجانکاری دی کہ ضلع میں گرے واٹر کمپوننٹوں اور سالڈ ویسٹ کمپوننٹوں، فیصل سلج مینجمنٹ اجزأ کو مؤثر طریقے سے عملایا جارہا ہے۔ اِس بات کی یقین دہانی کی گئی کہ ایس بی ایم پروگرام کو اِختراعی اور مؤثر طریقے سے نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔ میٹنگ کو بتایا گیا کہ ضلع میں محکمہ کی جانب سے آئی ای سی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ لوگوں کو اس عمل میں ان کے کردار سے آگاہ کیا جاسکے۔میٹنگ کو مزید بتایا گیا کہ ضلع میں 110 سیگریگیشن شیڈز، 120 کمیونٹی سویکیج پِٹس، 5 پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ یونٹ ایس بی ایم کے تحت تعمیر کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ منریگا کے تحت کمیونٹی اور انفرادی طور پر بڑی تعداد میں اثاثے بنائے گئے ہیں۔ضلع پہلے ہی او ڈی ایف پلس ماڈل کا درجہ حاصل کرچکا ہے اور اسے برقرار رکھنے کے لئے متعدد اَقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ یہ پروگرام ڈائریکٹوریٹ آف رورل سینی ٹیشن کے ذریعے وزارت ِڈرنکنگ واٹر اینڈ سینی ٹیشن کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ اِس پروگرام کے تحت او ڈی ایف کا درجہ پہلے ہی برقرار ہے کیوں کہ آج کل کھلے میں رفع حاجت کا کوئی واقعہ نہیں ہے۔ پہلے مرحلے میں ہر گھر کو پہلے ہی آئی ایچ ایچ ایل فراہم کیا جا چکا ہے اور اب او ڈی ایف پلس مرحلے کے تحت مختلف قسم کے ویسٹ مینجمنٹ کیا جا رہا ہے۔