ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ نے آئی او ایچ ایم سری نگر میں تین ماہ کے سکل ٹریننگ پروگرام کا اِفتتاح کیا

سری نگر//ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر نے اِنسٹی چیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ ( آئی ایچ ایم ) سری نگر کے ساتھ مل کر تین ماہ کا فرنٹ آفس ایسو سی ایٹ سکل ٹریننگ پروگرام شروع کیا۔ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ جموں وکشمیر نثار احمد وانی نے تربیتی پروگرام کا اِفتتاح کیا ۔یہ اقدام خواہشمند اُمیدواروں کو ضروری ہنروں سے آراستہ کرنے اور مہمان نوازی شعبے میں ایک کامیاب کیریئر کو یقینی بنانے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔تقریب میں مہمانِ نوازی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ کے علاوہ پرنسپل اِنسٹی چیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ سری نگر قاضی شبیر احمد ،جوائنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ کشمیر زینت آرااور ڈپٹی ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ سری نگر ڈاکٹر شیبا عنایت نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ نثار احمد وانی نے اَپنے خطاب میں جموںوکشمیر کے روزگار کے منظر نامے کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ اُنہوں نے نوجوانوں کے روزگار میں اِضافے اور خطے کی اِقتصادی ترقی میںحصہ اَدا کرنے میں ایسے تربیتی پروگراموں کے اہم کردار پر زور دیا۔پرنسپل قاضی شبیر احمد نے اِنسٹی چیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور مہمان نوازی شعبے میںبہترین کار کردگی کو فروغ دینے کے عزم پر روشنی ڈالی۔فرنٹ آفس ایسوسی ایٹ اسکل ٹریننگ پروگرام مہمان نوازی کی صنعت کی ابھرتی ہوئی ضروریات کے مطابق ایک ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ۔