سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ہارون کی زبرون پہاڑیوں سے شروع کی گئی محکمہ سیاحت کی مہم جوئی کو ہری جھنڈی دِکھائی ۔ان میں ’ سپرٹ آف ایڈونچر اینڈ ہیلتھی لائف‘ کے ٹیگ لائن کے تحت کئی سرگرمیاں شامل ہیں ۔مہم جوئی سرگرمیوں میں پیرا گلائیڈنگ آستان مرگ ٹاپ سے چندہ پورہ گرائونڈ تک شامل ہے ۔یہ پرواز 2000 فٹ ورٹیکل ڈراپ پر محیط ہے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اِس طرح کی سرگرمیوں کے اِنعقاد کے لئے محکمہ کی ستائش کی ۔ اُنہوں نے اُنہیں دلچسپ اور معاشرے کے کسی بھی طبقے کے لئے پُر کشش قرار دیا۔ اُنہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر میں اس طرح کی مہم جوئی کی بڑی صلاحیت ہے اور اسے تمام شراکت داروں بالخصوص معاشرے کے غریب طبقوں کے مجموعی فائدے کے لئے مکمل طور پر اِستعمال کیا جانا چاہیے جو دُور دراز ہونے کی وجہ سے محروم رہ جاتے ہیں۔آستان مرگ یہاں ذکر کیا جاسکتا ہے ، سری نگر شہر کے قریب زبرون رینج کی چوٹی پر واقع ایک گھاس کا میدان ہے جو سطح سمندر سے 7,300 فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور یہاں سے جھیل ڈل ، مہادیو چوٹی ، داچھی گام نیشنل پارک ، مغل گارڈن ، قلعہ ہری پربت اور سری نگر میں دیگر قدرتی مقامات کا نظارہ کیا جاتا ہے ۔محکمہ کی طرف سے جو دیگر ایڈونچر سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ان میں مائونٹین بائیکنگ اورآستان مرگ تک اور اس کے آس پاس ٹریکنگ کی سرگرمیاں شامل ہیں ۔ اِس کے علاوہ شہر سے درہ کے بالائی پٹی تک سائیکلنگ کا راستہ بھی شامل ہے۔متعدد مہم جو کھلاڑیوں نے دن بھر کی جانے والی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اِس موقعہ پر یہ بھی بتایا گیا کہ اس سیاحتی سیزن میں اِس ایڈونچر پروگرام کے تحت مزید بہت سی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔محکمہ نے اِس فیچر کو سیاحوں کے لئے ایک اِضافی کشش کے طور پر متعارف کیا ہے ۔ اِس سمت میں سیاحوں کو دریافت کرنے کے لئے 75 نئے مقامات کی فہرست فراہم کرنے کے لئے گذشتہ برس ٹریکنگ کے بہت سے نئے راستے سیاحوں کے لئے کھولے گئے ہیں۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری اطلاعات روہت کنسل ، سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، ایم ڈی جیاینڈ کے کیبل کار کارپوریشن محمد اکبر وانی اور ناظم سیاحت کشمیر جی این ایتو کے علاوہ محکمہ کے دیگر اَفسران اور متعلقین بھی موجود تھے۔










