کارپوریشن اِس برس مبارک منڈی تک وری ٹیکل لفٹ اور کئی سیاحتی مقامات پر ڈریگ لفٹ کا کام شروع کرے گی
سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جے اینڈ کے کیبل کارکارپوریشن (جے کے سی سی سی ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 33ویں میٹنگ منعقد کی جس میں بورڈ کے ممبران نے کارپوریشن کی سرگرمیوں کو بڑھانے سے متعلق اہم فیصلے لئے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس، سیکرٹری سیاحت ، ناظم سیاحت کشمیر ، ڈی جی بجٹ ، ڈی جی اَخراجات ڈویژن ۔I، ایم ڈی ، جے کے سی سی سی کے علاوہ دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے بورڈ آف ڈائریکٹرز میٹنگ میں اَفسران پر گلمرگ گنڈولا کی دیکھ ریکھ اور اَپ گریڈیشن کا کام جلد اَز جلد شروع کرنے پر زور دیاکیوںکہ یہ کارپوریشن کا ایک بڑا اثاثہ ہے اور ہر ماہ ہزاروں سیاح اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اِس کی تمام تنصیبات کا تکنیکی ٹیم سے مکمل معائینہ کیا جائے تاکہ سیاحوں کی حفاظت اور آرام کو یقینی بنایا جاسکے۔چیف سیکرٹری نے کارپوریشن کے اَفسران سے کہا کہ وہ جموںوکشمیر یوٹی کے سیاحتی مقامات پر اِس طرح کے کئی کیبل کار پروجیکٹوں کے قیام کے اِمکانات کو تلاش کریں۔ اُنہوں نے اُنہیں مشورہ دیا کہ وہ سیاحتی مقامات کو دیکھیں جو بھارت مالا جیسی دیگر سکیموں کے تحت نہیں آتے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ بہت سے سیاحتی مقامات جیسے سرتھل ، منتلائی ، سناسر ، دودھ پتھری ، بھدرواہ اور بائیسرن ( پہلگام ) میں ان مقامات پر کیبل کار پروجیکٹوں کے قیام سے سیاحوں کوراغب کرنے کی زبردست صلاحیت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ایک طریقۂ کار پر غورو خوض کیا جانا چاہیے تاکہ اِن منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جاسکے۔چیف سیکرٹری نے پیرکھو۔ مُبارک منڈی وری ٹیکل لفٹ کے بارے میں اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اِس منصوبے کو شروع کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ اِس منصوبے کا طویل اِنتظار کیا جارہا ہے اور اسے مُبارک منڈی ہیر ٹیج کمپلیکس میں ایک اِضافی توجہ کے طور پر تیار کیا جانا چاہیے۔ پیکیج میں اسے باہو فورٹ اور مہامایا ٹیمپل کمپلیکس کے سیاحتی مقامات سے جوڑنا شامل ہے۔اُنہوں نے کارپوریشن سے یہ بھی کہا کہ وہ مخدوم صاحب ؒ روپ وے پروجیکٹ کی صف بندی پر نظر ثانی کرے تاکہ اِس کے نچلا بورڈنگ سٹیشن صوفی شرائین تک جانے والے عقیدت مندوں کے لئے آسانی سے قابل رَسائی ہو۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ روپ وے کو ہری پربت قلعہ تک بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین اِس سہولیت کی طرف راغب ہوں۔دورانِ میٹنگ بورڈ نے ایجنڈا کے مختلف آئٹمز پر غور و خوض کیا جس میں اِن مقامات پر سکیئنگ کو فروغ دینے کے لئے سونہ مرگ ، دودھ پتھری ، گلمرگ ، کنگڈوری ، پدری ( بھدرواہ) اور سناسر کے مقامات پر تقریباً چھ ڈریگ لفٹوں کا قیام شامل ہے ۔ مزید برآں ،کارپوریشن اِن مقامات پر کھیل کے آغاز کے لئے مذکورہ بالا تمام مقامات پر سکی شاپوں کو تعمیر کرے گی۔بورڈ کو جانکاری دی گئی کہ کارپوریشن جموں روپ وے پروجیکٹ کے پیر کھو سٹیشن اور مُبارک منڈی ہیر ٹیج کمپلیکس کے درمیان تقریباً 27کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے وری ٹیکل لفٹ لگا رہی ہے ۔ پروجیکٹ کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں سے ایک 38 میٹر اور 30 میٹر کا وریٹیکل اِضافہ اور 34 میٹر اور 30میٹر کے دورانیے کے دو اُفقی فٹ پُل ہیں ۔ یہ بھی شامل کیا گیا کہ پروجیکٹ میں پارکنگ کی سہولیت سے تین سٹیشن ، 2ویونگ ڈیک ہوں گے ۔ وری ٹیکل لفٹ میں ایک وقت میں 13مسافروں کی گنجائش ہوگی۔بورڈ کوکارپوریشن کی کارکردگی کے بارے میں بتایا گیا کہ کارپوریشن نے سال 2019-20ء سے 2021-22 ء تک کووِڈ۔19 کی پابندیوں کے باوجود 20.21 کروڑ روپے کا منافع کمایا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ کارپوریشن کی فائنانشل ہیلتھ میں گذشتہ کچھ برسوں میں کافی بہتری آئی ہے اور سال 2022-23ء کے دوران اس نے 100کروڑ روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی ہے جس کی تعریف خود مرکزی وزیر خزانہ نے اَپنی بجٹ تقریب کے دوران کی۔










