CS takes stock of restoration works of Mubarak Mandi Heritage Complex-19

چیف سیکرٹری نے مبارک منڈی ہیر ٹیج کمپلیکس کی بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

جموں// چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج مُبارک منڈی ہیر ٹیج کمپلیکس کی بحالی کے کاموں اور ترقیاتی اَمور کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی ۔ میٹنگ میں جن اَمور پر تبادلہ خیال ہوا ان میں فائنانس اور فنڈز کے اجرأ اور اس میگا پروجیکٹ کے متعدد دیگر اجزأ کی اِنتظامی منظوری بھی شامل تھی۔میٹنگ میں ایک خاص مسئلہ جس پر طویل بحث و تمحیص کی گئی وہ سرکیولر روڈ کے ساتھ پہاڑی کو مضبوط کرنا تھا تاکہ ڈھانچے کے نیچے کی زمین کو استحکام فراہم کیا جاسکے ۔ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا اور اِس سلسلے میں محکمہ ثقافت کے کردار پر غور ہوا۔دوران میٹنگ آرمی ہیڈ کوارٹروں اور رائل کورٹ سمیت بحال شدہ ڈھانچے کا استعمال بھی زیر بحث آیا۔ مزید برآں گولے گھر، گلیری محل اور نواں محل جیسے بچ جانے والے ڈھانچے کی بحالی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کمپلیکس کے بحال شدہ حصوں کو عوام کے دورے اور دیکھنے کے لئے فوری وقف کرنے پر زور دیا ۔ اُنہوں نے سیاحوں کی سہالیت کے لئے کمپلیکس کے اِرد گرد پارکنگ کی جگہ مختص کرنے کے ساتھ ساتھ اس ہیر ٹیج کمپلیکس میں عوامی دِلچسپی اور لوگوں کی آمد ورفت کو بڑھانے کے لئے روزانہ کی ثقافت اور عوامی سرگرمیاں شروع کرنے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے عوام کو دیکھنے کے لئے وراثتی اشیاء کی نمائش لگانے اور قیمتی نوادرات کی دیکھ ریکھ پر زور دیا۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ، ناظم سیاحت جموں دیپکا شرما، ناظم آرکائیوز ، آرکیولوجی اور میوزیم پردیپ کمار ، ڈائریکٹر فائنانس ٹوراِزم ستنام سنگھ اور چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی کے علاوہ کئی اَفسران نے شرکت کی۔سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ اور سپر اِنٹنڈنٹ آر کیا لوجیکل سروے آ ف اِنڈیا کے علاوہ کشمیر کے دیگر اَفسران نے میٹنگ میں بذریعہ ورچیول موڈ حصہ لیا۔