سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے قومی شاہراہ کے اہم پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔دورانِ میٹنگ اودھمپور ۔ رام بن سیکشن پر جیسوال پُل ، رام بن فلائی اوور، ٹنل اور زیر تکمیل اہم پروجیکٹوںپر سیر حاصل بحث و تمحیص ہوئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ان اہم پروجیکٹوںپرکام کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔ چیف سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ جیسول پُل 10؍ اپریل تک مکمل ہو جائے گا جبکہ رام بن فلائی اوور 15؍ اپریل کے قریب مکمل ہو جائے گا۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ اَفراد کو کام کی رفتارتیز کرنے کی ہدایت دی تاکہ یہ پروجیکٹ جلد اَز جلد مکمل ہو جائیں اور مسافروں کو سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر محفوظ اور کم وقت لگنے والا سفر بن سکے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ روابط نہ صرف مسافروں کے سفر کے وقت کو کم کریں گے بلکہ اِس کے ساتھ ساتھ سڑک کے دشوار گزار لینڈ سلائیڈ نگ اورشوٹنگ سٹونز کے شکار علاقوں کو بھی مکمل طور پر نظر انداز کریں گے۔چیف سیکرٹری نے ٹی 5 ٹنل میں شوٹنگ سٹونز کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اُنہوں نے کہ لینڈ سلائیڈنگ اور شوٹنگ سٹونز کی وجہ سے جو ملبہ ہوتا ہے اسے فوری طور پر صاف کیا جائے ۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ کام مکمل ہونے تک اس سڑک کی دیکھ ریکھ کے لئے وسائل میں اِضافہ کریں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے حکام کو سری نگر ۔ جموں قومی شاہراہ پر نگروٹہ اور قاضی گنڈ میں ٹرکوں کی روکتھام کو مکمل طورپر ختم کرنے کی ہدایت دی تاکہ جون تک ایچ ایم ویز کی بغیر کسی رُکاوٹ کے ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے صوبائی کمشنر جموں اور صوبائی کمشنر کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ اَگلے ہفتے اِس سلسلے میں لائحہ عمل تیار کریں۔اُنہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو غیر ضروری طور پر نہ روکا جائے۔










