جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے باغ باہو گارڈن میں اَپ گریڈ شدہ کاموں کا اِفتتاح کیا۔ باغ کو 5.96 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف سہولیات کی ترقی کے ساتھ اَپ گریڈکیا گیا ہے۔باغ کی اَپ گریڈیشن کے کاموں میں بالائی داخلہ دروازے کی تعمیر ، گرل فنسنگ کی تعمیر، ایکو ا ٹک ملٹیپل کیسکیڈس کی تنصیب ،چلڈرن کارنر کی ترقی اور کچھ دیگر کاموں کے ساتھ شیڈ کی تعمیر شامل ہیں۔ عمودی باغ کی تعمیر، سولر سب سٹیشن کی تنصیب، لینڈ سکیپنگ، ٹینکوں کی تعمیر، بورویل کی کھدائی وغیرہ بھی اس منصوبے کے تحت کئے گئے ہیں۔چیف سیکرٹری نے باغ کا دورہ کیااور کاموں کا بغور معائینہ کیا ۔چیف سیکرٹری نے اَفسران کو ہدایت دی کہ کشمیر میں باغ باہو اور ٹیولپ گارڈن کے لئے آن لائن ٹکٹنگ کی سہولیت شروع کی جائے۔اُنہوں نے محکمہ سے کہا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کو اپنائے تاکہ لوگوں کو اَپنے گھروں میں آرام سے ٹکٹ بُک کرنے میں مددملے ۔ اُنہوں نے تجویز پیش کی کہ ان پارکوں میں سیاحوں کے فوری داخلے کے لئے سکینر نصب کئے جائیں اور گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے آن لائن ٹکٹنگ سسٹم بھی تیار کیا جائے ۔چیف سیکرٹر ی نے باہو فوٹ ٹیمپل ، باغ باہو ایکویریم اور باغ باہو گارڈن کو ایک یونٹ کے طورپر مربوط کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے باغ کی خوبصورتی کے لئے موسمی پھول لگانے کی ہدایت دی اورمحکمہ وائلڈ لائف کے تعاون سے بندروںکی بدعت سے نمٹنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے باغ کی طرف جانے والی سڑک کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے اسے جلد اَز جلد مرمت کرنے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے چلڈرن کارنر ، میوزیم اور دُکانوں کی ترقی کے لئے تجاویز بھی دیں۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر ، گارڈنز اینڈپارکس شیخ فیاض احمد، ڈائریکٹر پارکس اینڈ گارڈنز جموں جتندر سنگھ، فلوری کلچر ڈیپارٹمنٹ سے ڈائریکٹر فائنانس اور سپیشل سیکرٹری ، دیگر متعلقہ محکموں کے اَفسران بشمول ڈائریکٹر ٹوراِزم جموں وویکا نند رائے اور ڈائریکٹر فشریز بشیر احمد بٹ بھی موجود تھے۔










