چیف جسٹس نے مجالٹا میں منصف کورٹ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا

اودھمپور//چیف جسٹس جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے آج مجالٹا میںکورٹ کمپلیکس کی نئی عمارت اور رہائشی کوارٹروں کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پر چیف جسٹس کی اہلیہ ڈاکٹر وجے لکشمی برارا، جج جموں کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اور ایڈمنسٹریٹیوجج ضلع اودھمپورجسٹس سندھو شرما، رجسٹرار جنرل جموں و کشمیرہائی کورٹ شہزاد عظیم، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری ایم کے شرما،رجسٹرار ویجی لنس جموںوکشمیر ہائی کورٹ وائی پی بورنی،سیکرٹری ہائی کورٹ لیگل سروسز پریم ساگر،جوائنٹ رجسٹرار پروٹوکول پروین پنڈوہ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اودھمپورحق نواز زرگر،ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور کریتکا جیوتسنا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنرگھن شام سنگھ،ایس ایس پی اودھمپور ڈاکٹر وِنود کمار، ایس اِی آر اینڈ بی اودھمپورکشور کمار،ایڈیشنل سیشن جج اودھمپور دنیش گپتا، سی جے ایم اودھمپور منوج پریہار، ماتحت عدالتوں کے جوڈیشل افسران، صدر بار ایسوسی ایشن اودھمپور اور مجالٹا، مجالٹا کے پی آر آئیز اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے۔چیف جسٹس اور دیگر معززین نے کورٹ کمپلیکس میں پودے بھی لگائے۔ چیف جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے اَپنے خطاب میں منصف کورٹ کمپلیکس مجالٹا کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے لئے لوگوں اور تمام شراکت داروں کو مبارک باد دی اور جموں وکشمیر یوٹی میں مختلف عدالتوں کا دورہ کرنے کے اَپنے تجربے سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آئندہ کورٹ کمپلیکس نہ صرف اِنصاف کی فراہمی کے نظام کے معیار کو بہتر بنائے گا بلکہ اِنصاف کے متلاشیوں کو اِنصاف کی تلاش اور اس کی قدر کرنے کے قابل بنائے گا ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سے بار کو اپنا کام صحیح طریقے سے کرنے میں بھی مدد ملے گی۔چیف جسٹس نے مجالٹا کے تین اَراضی مالکان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا جنہوں نے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لئے مفت اَراضی عطیہ کی تھی۔ اُنہوں نے تعمیر کے لئے اَراضی کی نشاندہی کے حوالے سے ضلعی اِنتظامیہ اور دیگر شراکت داروں کی کوششوں کو بھی سراہا۔جسٹس سندھو شرما نے اپنے خطاب میں خطے میں اِنصاف کی فراہمی کے نظام کو ترقی اور بہتر کرنے کے لئے ان کی رہنمائی میں اُٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے چیف جسٹس کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنصاف کی فراہمی کے نظام کے لئے مناسب بنیادی ڈھانچہ اہم ہے۔پرنسپل اینڈ ڈسٹرکٹ سیشن جج اودھمپور نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا ۔ اُنہوں نے بتایا کہ مجوزہ تعمیر میں عدالت کے کام کرنے کے لئے تمام درکار بنیادی ڈھانچہ ہوگا اور 10.10 کنال کی اَراضی 14 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ایڈیشنل سیشن جج اودھمپورنے شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے چیف جسٹس،تمام متعلقہ محکموں اور شراکت داروں کا سنگ بنیاد کی تقریب میںشرکت کرنے کے لئے شکریہ اَدا کیا۔