چیف جسٹس نے ایڈیشنل ججز کو بطور جج حلف دِلایا

چیف جسٹس نے ایڈیشنل ججز کو بطور جج حلف دِلایا

جموں//چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس تاشی ربستن نے آج جسٹس وسیم صادق نرگل، جسٹس راجیش سیکھری اور جسٹس محمد یوسف وانی جو پہلے ایڈیشنل ججز تھے، سے بطور جج حلف دِلایا۔ یہ تقریب چیف جسٹس کے کورٹ روم جموں میں منعقد ہوئی۔حلف برداری کی تقریب میں جموں میں جسٹس سنجیو کمار، جسٹس سندھو شرما، جسٹس وِنود چٹرجی کول، جسٹس سنجے دھر، جسٹس پونیت گپتا اور جسٹس محمد اکرم چودھری نے شرکت کی جبکہ سری نگر سے جسٹس اتل سری دھرن، جسٹس راجنیش اوسوال، جسٹس جاوید اِقبال وانی، جسٹس راہل بھارتی اور جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی نے بذریعہ ورچیول موڈ تقریب میں حصہ لیا۔تقریب کی کارروائی رجسٹرار جنرل شہزاد عظیم نے انجام دی جنہوں نے مرکزی وزارتِ قانون و انصاف، محکمہ انصاف (ڈویژن آف اپوائنٹمنٹس) سے موصولہ نوٹیفکیشن، صدرِ جمہورِ ہند کی طرف سے جاری کردہ تقرری کے وارنٹ اور لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر کی طرف سے جاری کردہ اجازت نامے کے اقتباسات کو پڑھ کر سنایا جس میں چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کو جسٹس وسیم صادق نرگل، جسٹس راجیش سیکھری اور جسٹس محمد یوسف وانی کو عہدے کا حلف دلانے کا اختیار دیا گیا تھا۔ تقریب میں ہائی کورٹ کے سابق ججوں، چیف سیکرٹری، جموں و کشمیر کے ڈپٹی سولیسٹر جنرل آف انڈیا، سیکرٹری محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور ، سینٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کے ممبر، پرنسپل ڈسٹرکٹ جج جموں، انسپکٹر جنرل آف پولیس، صدرجموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ، سینئر وکلا، سول اور پولیس انتظامیہ کے افسران اور رجسٹری کے افسران و عملہ نے شرکت کی۔