حضرت شاہ صادق قلندر ؒ کے سالانہ عرس کے اِنتظامات کا جائزہ لیا
گاندربل//چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کمشنر کونسل گاندربل نزہت اَشفاق نے آج صوفی بزرگ حضرت شاہ صادق قلندر ؒ کے آنے والے سالانہ عرس کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے لار اور وٹلر گاندربل کا دورہ کیا۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے سوموار سے منائے جانے والے سالانہ عرس کی تقریبات کے موقعہ پر گاندربل ضلع کے لار میں حضرت شاہ صادق قلندر ؒ کی زیارت گارہ پر حاضری دی۔اُنہوں نے اَفسران کے ساتھ باتی چیت کرنے کے دوران اِس بات کا اعادہ کیا کہ یہ روحانی زیارت ہمارا خزانہ ہیں اور ہمارے عظیم صوفیاء کرام کی طرف سے دِکھائے گئے پیار ، اِنسانیت اور روحانی سربلندی کا راستہ ہمیں اَمن ، اطمینان اور سماجی ہم آہنگی کی روشنی کی طرف لے جاسکتا ہے جس کے نتیجے میں ہماری زندگی اچھے سے معمور ہوجائیں گی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اَپنے صوفی بزرگوں کی تعلیمات کو اَپنی نئی پود تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ زیارت گاہ کی تزئین و آرائش کے لئے رواں سال کے دوران 6لاکھ روپے واگذار کئے ہیں۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے متعلقہ اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام ضروری اِنتظامات کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ عقیدت مندوں اور زائرین کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے عوامی وفود کے ساتھ بھی ملاقات کی اور بعد میں متعلقہ اَفسران اور وقف عملے کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔اُنہوں نے تمام محکموں کی سربراہان اور وقف اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ عرس کے اِجتماعات کے دوران لوگوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیئر پرسن ڈی ڈی سی نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، صفائی کے مناسب اقدامات ، زیارت گارہ کی روشنی اور سجاوٹ کے علاوہ صحت سہولیات اور زیارت گاہ پر حفاظت اِنتظامات کو یقینی بنائیں۔دورے کے دوران چیئرپرسن ڈی ڈی سی کے ہمراہ اے ڈی ڈی سی گاندربل مشتاق احمد سمنانی ، تحصیلدارلار ، ایس ایچ او لار ، اے اِی اِی آر اینڈ بی ، اے اِی اِی جل شکتی ، اے اِی اِی ڈی ڈی ارو ایف سی ایس سی اے ، ہیلتھ ، میونسپلٹی کے دیگر اَفسران بھی تھے۔










