چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے آن لائن خدمات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ڈیجی وین کو جھنڈی دِکھا کرروانہ کیا
شوپیان//چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل شوپیاں بلقیس جان اور ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں فضل الحسیب نے آج منی سیکرٹریٹ شوپیاں میں عوام ، طلباء اور پی آر آئیز کے ایک بڑے اِجتماع میں ’ ڈیجیٹل ہفتہ مہم‘ کا اِفتتاح کیا۔چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے آن لائن دستیاب مختلف سرکاری خدمات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ویک مہم شہریوں پر مرکوز آن لائن اَقدامات اور حکومت کی خدمات کو عوام کے سامنے پیش کرے گی جس کا مقصد شہریوں کے لئے شفافیت اور زندگی میں آسانی لانا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اَب ضلع کے لوگ بٹن کے کلک پر ہر محکمے کی سکیموں سے فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ شروع کئے گئے پروگرام اور اَقدامات عوامی کدامات کی فراہمی میں آسانی ، شفافیت اور سہولیت لانے کی حکومت کی کوششوں کا حصہ ہیں۔اِس موقعہ پر چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل نے ڈیجی وین کو بھی جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا جس کا مقصد ڈیجیٹل خدمات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور ڈیجیٹل اِنڈیا مہم کے بارے میں معلومات فراہم کرنا او رلوگوں کو ان فوائد کے بارے میں آگاہ کرنا ہے جو وہ ڈیجیٹل سسٹم سے حاصل کرسکتے ہیں۔ڈیجیٹل ویک پروگرام ضلع کے تمام بلاکوں ، پنچایتوں ، سکولوں اور کالجوں میں منعقد کئے جائیں گے۔اِس موقعہ پر صدر میونسپل کونسل شوپیاں سبھاش کول ، جے ڈی پی خورشید احمد کھٹانہ ، ایس ڈی ایم زینہ پورہ مشتاق احمد ، اے سی آر شہباز احمد بڈھا ، اے سی ڈی ہلال احمد جیری ، ضلعی اور سیکٹورل اَفسران دیگر ملازمین کے ساتھ موجود تھے۔










