جنگل میں چھپے 3 دراندازوں کیخلاف بڑے پیمانے پرآپریشن جاری :دفاعی ذرائع
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے گلپور سیکٹر میں دراندازی مخالف کارروائی کے دوران ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگیا جبکہ اس سیکٹر کے نزدیکی جنگل میں چھپے ہوئے کم سے کم3دراندازوں کیخلاف آپریشن کیلئے سیکورٹی فورسزکی اضافی کمک طلب کی گئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق دفاعی ذرائع نے جموںمیں بتایاکہ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر مشتبہ نقل و حرکت دیکھ کر فوج نے فائرنگ کی۔دفاعی ذرائع نے ہفتہ کو بتایا۔انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو رات8 بجے کے قریب چکن دا باغ علاقے کے گلپور سیکٹر میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے پرفوجی جوانوںنے فوری کارروائی عمل میں لائی،اورفوج کے چوکس دستوں نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ذرائع نے مزید بتایاکہ جمعہ کورات دیر گئے گلپور سیکٹر کے فارورڈرینجر نالہ کے علاقے میں تصادم اسوقت شروع ہوا،جب فوجی جوانوںنے بھاری ہتھیاروں سے لیس کم سے کم 3دراندازوںکو تاریکی کی آڑمیں LOCکے اس پار داخل ہونے اور نزدیکی جنگل میں گھسنے کی کوشش کرتے دیکھا۔دفاعی ذرائع کے مطابق طرفین کے درمیان مختصر انکائونٹر میں ایک فوجی اہلکار شدیدزخمی ہوگیا جبکہ دراندازوں کاگروپ تاریکی کافائدہ اُٹھاکر نزدیکی جنگل میں گھسنے میں کامیاب ہوگیا۔حکام نے بتایاکہ فائرنگ کے مختصر تبادلے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسزکی اضافی کمک جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہے ،اوراس پورے علاقے بشمول جنگل کوچاروں اطراف سے محاصرے میں لیکر سیکورٹی اہلکاروںنے تلاشی کارروائی شروع کردی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ دراندازی کے بعد جنگل میں چھپے اسلحہ برداروں کا سراغ لگانے اوراُنھیں ہلاک کردینے کی کارروائی جاری ہے۔










