طلباء سرکاری ویب سائٹ aicte-jk-scholarship-gov.inپر رجسٹر کرسکتے ہیں
سری نگر//جموں وکشمیر کے طلباء کے لئے وزیر اعظم کی خصوصی سکالر شپ سکیم ( پی ایم ایس ایس ایس ) کا آن لائن رجسٹریشن برائے تعلیمی سال 2022-23ء کے لئے شروع ہوگئی ہے ۔ اہل طلاب خود کو سرکاری ویب سائٹ aicte-jk-scholarship-gov.in پر رجسٹر کرسکتے ہیں۔جموںوکشمیر میں اے آئی سی ٹی اِی میں ایک سپیشل جے اینڈ کے سیل وزیر اعظم کی خصوصی سکالر شپ سکیم ( پی ایم ایس ایس ایس )کی عمل آوری سے متعلق ہے تاکہ طلاب جموںوکشمیر سے باہر اَنڈر گریجویٹ تعلیم حاصل کرسکیں۔ جے اینڈ کے سیل وزیر اعظم کی خصوصی سکالر شپ سکیم ( پی ایم ایس ایس ایس )کے مقاصد کو پورا کرنے کے لئے سکیم کے مناسب عمل آوری کے لئے ذمہ دار ہے۔اے آئی سی ٹی اِی نے اِس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں اہلیت کے معیار ،کورسز اور دیگر تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق صرف وہیں طلباء جنہوں نے جموںوکشمیر بورڈ یا سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن ( سی بی ایس اِی ) بورڈ سے بارہویں جماعت 2020-21ء سے پہلے پاس کیا ہے یا 2021-22 ء میں حاضر نہیں ہوئے ہیں، سکالر شپ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔سکالر شپ جنرل ڈگری ،پیشہ ورانہ( اِنجینئرنگ ، نرسنگ ، فارمیسی ، ہوٹل مینجمنٹ ، آرکیٹکچر وغیرہ ) اور میڈیکل ،بیچلر آف ڈینٹل سرجری( بی ڈی ایس ) یا اِس کے مساوی کورسوں کے لئے فراہم کی جائے گی۔سکالرشپ سکیم کے تحت طلباء کو تعلیمی فیس اور ہوسٹل فیس پر بھی مختلف رقمیں ملیں گی ۔ تعلیمی فیس کی صورت میں جنرل ڈگری کورسوںکے لئے طلبا ء کو سالانہ 30,000 روپے کی مالی اِمداد ملے گی جبکہ پیشہ ورانہ کورسوں کے لئے وہ سالانہ 1.25 لاکھ روپے تک وصول کریں گے ۔ میڈیکل پروگراموں کے لئے طلباء کو سالانہ 3 لاکھ روپے تک فراہم کئے جائیں گے ۔کسی بھی مذکورہ کورس میں زیر تعلیم طلباء کو ہوسٹل فیس پر سالانہ ایک لاکھ روپے تک کی مالی اِمداد بھی ملے گی ۔مرکزی حکومت نے ایک اہم فیصلے میں جموںوکشمیر اور لداخ کے لئے وزیر اعظم کی خصوصی سکالر شپ سکیم ( پی ایم ایس ایس ایس ) کو پانچ برس کے لئے بڑھا دیا ہے جس کے تحت ہر برس 5,000 ہونہار طلباء کو ملک بھر کے نجی اور سرکاری تعلیمی اِداروں میں پڑھنے کے لئے فنڈ فراہم کیا جاتا ہے۔حکومت نے جموںوکشمیر اور لداخ کے جموںوکشمیر یوٹی میں نئے تعلیمی اِدارے کھولنے پر بیک وقت توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ سکالر شپ سکیم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے وزیر اعظم کی خصوصی سکالر شپ سکیم ( پی ایم ایس ایس ایس )کی توسیع کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ اَدا کیا ہے۔ایل جی جموںوکشمیر کے دفتر نے ٹویٹ کیا،’’ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر تعلیم دھر میندر پردھان کا جموں وکشمیر کے طلباء کے لئے وزیر اعظم کی خصوصی سکالر شپ سکیم ( پی ایم ایس ایس ایس )کو مزید پانچ برس تک بڑھانے کے لئے شکر گزار ہوں ۔ ہر برس ہزاروں سکالر شپ دستیاب ہونے اور سکیم ہمارے نوجوانوں کو بڑے خواب دیکھنے کے مواقع فراہم کرے گی اور اَپنے خوابوں کو پورا کرنے کے ذرائع فراہم کرے گی ۔‘‘جموںوکشمیر سٹوڈنٹس ایسو سی ایشن ( جے کے ایس اے ) نے حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر تعلیم دھر میندر پردھان کا جموں و کشمیر کے طلباء کے لئے وزیر اعظم کی خصوصی سکالر شپ سکیم ( پی ایم ایس ایس ایس ) کو مزید پانچ برس کے لئے توسیع دینے کے لئے بھی شکر یہ اَدا کیا۔










