سری نگر//حکومت جموں وکشمیر نے 30جون سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کوتسلی بخش خدمات کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے انتظامات کوحتمی شکل دی ہے جبکہ 11،اگست تک جاری رہنے والی 43روزہ یاتراکی تیاریاں حتمی مراحل میں پہنچ رہی ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق حکومت کے پرنسپل سیکرٹری منوج کماردویدی (آئی اے ایس) نے جمعہ بتاریخ10جون 2022کودواحکامات جاری کئے ،جن کی رئو سے یاتراڈیوٹی کیلئے48سرکاری افسروں کونامزدکیاگیا ہے ۔حکومتی آرڈروں زیرنمبرات 683-JK(GAD)آف2022اور684-JK(GAD)آف2022بعنوان’شری امرناتھ جی یاترا2022کیلئے تربیتی پروگرام‘میں کہاگیا ہے کہ 11جون 2022کوSKICCمیں شام 4بجے ،یاتراڈیوٹی کیلئے نامزد افسروں کاتربیتی پروگرام منعقد ہوگا۔آرڈرنمبر 683-JK(GAD)آف2022میں سالانہ امرناتھ یاتراڈیوٹی کیلئے 45سرکاری افسروں کونامزدکیاگیاہے جبکہ آرڈر نمبر684-JK(GAD)آف2022میں مزید3افسروں کی نشاندہی کی گئی ہے ،جو30جون سے11،اگست2022تک جاری رہنے والی 43روزہ امرناتھ یاترا کے دوران مختلف ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔حکومت کے پرنسپل سیکرٹری منوج کماردویدی نے جاری کردہ احکامات میں کہاکہ یاتراڈیوٹی کیلئے نامزدمختلف محکموں واداروںکے افسروں کایک روزہ تربیتی پروگرام11،اگست بروز سنیچر وار کوشام 4بجے ایس کے آئی سی سی سری نگرمیں منعقد ہوگا،اورنامزد کردہ تمام افسروں سے کہاگیاہے کہ وہ اس تربیتی پروگرام میں شرکت کریں ۔










