پیدل فار پیس:پولیس کی جانب سے سائیکل ریس میں ایک ہزار نوجوان کی شرکت

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پولیس گالف کورس میں ’’ پیدل فار پیس‘‘ ایورڈتقریب کے دوران کہا،’’کھیل لوگوں کو متحد کر سکتا ہے ، بہتر کل اور روشن مستقبل کی اُمید پیدا کر سکتا ہے، جو نوجوان آج حصہ لے رہے ہیں وہ اِس تبدیلی کی طاقت کا مظہر ہیں اور جموں کشمیر پولیس کی کوششوں سے وہ نہ صرف کھیلوں میں بلکہ اَپنی زندگی میں بھی چمپئن بن رہے ہیں۔‘‘جموںوکشمیر پولیس کے زیر اہتمام’’ پیدل فار پیس ‘‘ ایونٹ کے ساتھ مختلف زمروں میں پیشہ ور اَفراد مع تقریباً 1000 سائیکل سواروں نے حصہ لیا ۔ شرکأ نے سری نگر شہر کے مختلف دلکش مقامت سے گزرتے ہوئے بڑے جوش و خروش سے سائیکل چلائی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر پولیس کی تعریف کی کہ وہ نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے اور جموںوکشمیر یوٹی میں کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے جدید اقدمات اَپنانے کے لئے نوجوانوں پر مرکوز پروگراموں کااِنعقا د کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’جموںوکشمیر پولیس کے زیر اہتمام تمام شہری ایکشن پروگراموں میں چاہئے وہ پیدل فار پیس ہو، پریمیئر لیگ ہو یا جشنِ ڈل نام کے مختلف پروگرام ہوسکتے ہیں لیکن پیغام ایک ہی ہے جس سے جموںوکشمیر کے اَمن ، خوشحالی اور بھائی چارے کو مزید آگے بڑھاناہے۔‘‘اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نوجوان نئے جموں وکشمیر کے معمار ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ایک ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیر ، دوسروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کی ترغیب دینے اور معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے مستعدی سے حصہ ڈالنا ہوگا۔اُنہوں نے کہا،’’ یوٹی اِنتظامیہ ہمارے نوجوانوں کو تخلیقی اور تعمیری سرگرمیوں میں شامل ہونے ، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور سپورٹس کونسل ، مشن یوتھ اور جموںوکشمیر پولیس کے پروگراموں کے ذریعے ٹیم سپرٹ اور کردار سازی کو فروغ دینے کے لاتعداد مواقع فراہم کر رہی ہے ۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے فِٹ اِنڈیا اور کھیلو اِنڈیا مہم کے تحت مختلف اقدامات کے ذریعے نوجوانوں میں ٹیم سپرٹ اور کردار سازی کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم کی کوششوں کو بھی یاد کیا۔اُنہوں نے کہا کہ جب سینکڑوں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں تو وہ نہ صرف صحت مندانہ مقابلے میں حصہ لیتے ہیں بلکہ اَمن ، خوشحالی اور بھائی چارے کے سفیر بھی بن جاتے ہیں۔اُنہوں کہا کہ یہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کا باعث بنتا ہے جو خوف ، عدم تحفظ اور امتیازی سلوک سے پاک ہو۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف پروگراموں اور متواتر مہمات کے ذریعے نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے، کووِڈبیماری سے نمٹنے کے لئے جموںوکشمیر پولیس کی اَنتھک کوششوں کو بھی سراہاجس میں اُنہوں نے سول اِنتظامہ کے ساتھ قریبی تال میل سے کام کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اُنہیں یقین دلایا کہ یو ٹی حکومت پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو صحت ، تعلیم ، وقار اور ہر ممکن سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔اِس موقعہ پر ایس ایم سی کے میئر جنید عظیم متو، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیران راجیو رائے بھٹناگر اور بصیر احمد خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ڈی جی پی دِلباغ سنگھ ، سپیشل ڈی جی آر آر سوین، اے ڈی جی پی آرمڈ جے ایم گیلانی،صوبائی کمشنر کشمری پانڈورانگ کے پولے ، آئی جی پی کشمیر وِجے کمار کے علاوہ سول اور پولیس کے اعلیٰ اَفسران بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر رکن سینٹرل وقف کونسل اور چیئرپرسن وقف ترقیاتی کمیٹی ، اقلیتی امور کی وزارت ڈاکٹر درخشاں اَندرابی نے بھی شرکت کی۔