روسی تنصیب اور آن لائن ریٹیل کمپنی کے گودام پر حملے

روسی تنصیب اور آن لائن ریٹیل کمپنی کے گودام پر حملے

کیف /ایجنسیز//روس کے سامارا خطہ کے گورنر نے ہفتہ کے روز بتایا کہ رات گئے یوکرینی ڈرون حملوں میں ایک صنعتی تنصیب اور روس کی بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی اوزون کا ایک گودام نشانہ بنا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ گورنر نے اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ کے ذریعہ بتایا کہ ان حملوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ انہوں نے نشانہ بننے والی صنعتی تنصیب کی تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم سامارا کے علاقہ میں کئی آئل ریفائنریز واقع ہیں، جنہیں ماضی میں بھی یوکرین متعدد مرتبہ نشانہ بنا چکا ہے۔ روس کی دوسری سب سے بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی اوزون نے ٹیلی گرام پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ حملے کے بعد چاپائیفسک میں واقع اس کے لاجسٹکس سینٹر میں کام روک دیا گیا ہے۔ کمپنی نے حملے میں لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی۔ حالیہ ہفتوں میں اوزون کی بڑی حریف کمپنی وائلڈ بیریز کو متعدد حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم اوزون پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے۔ یوکرین ان کارروائیوں کو روس کی فوجی مہم میں معاون اقتصادی ڈھانچے کے خلاف وسیع تر مہم کا حصہ قرار دیتا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق رات بھر روس پر حملہ آور ہونے والے یوکرینی ڈرونز میں سے 457 کو مار گرایا گیا۔