موگادیشو /ایجنسیز//صومالی قزاقوں نے یمن کے ساحل کے قریب پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ایک ٹینکر کو اغوا کر لیا ہے۔ اپریل سے خلیج عدن اور مغربی بحر ہند میں بحری قزاقی کی نئی لہر کے دوران اب تک چھ تجارتی جہاز اغوا کیے جا چکے ہیں۔ صومالی بحری سیکوریٹی کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چھ مسلح قزاقوں نے جمعرات کو اریٹیریا کے پرچم بردار ایم ٹی سیبو ون نامی جہاز کو یمن کے شہر المکلا سے تقریباً 252 کلومیٹر مشرق میں اپنے قبضے میں لیا اور اسے صومالیہ کے نیم خودمختار علاقہ پنٹ لینڈ کے ساحل کی جانب لے گئے۔ سیبو ون کا انتظام متحدہ عرب امارات میں قائم ایک نجی کمپنی کے پاس ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے گزشتہ سال اس ٹینکر پر یہ الزام عائد کرتے ہوئے پابندیاں لگائی تھیں کہ یہ ایران کے مبینہ ’’شیڈو فلیٹ‘‘ کا حصہ ہے، جسے امریکی پابندیوں سے بچتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ جہاز پر عملے کے 20 افراد سوار ہیں، جن میں 16 ہندوستانی، ایک شامی، ایک سوڈانی اور ایک عراقی شہری شامل ہیں، جبکہ ایک رکن کی شہریت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ جہاز کہاں سے روانہ ہوا تھا اور اس کی منزل کیا تھی، یہ بھی واضح نہیں ہے۔










