Dy cm

پہلگام حملے کے باوجود سالانہ امرناتھ یاترا شیڈول پر معمول کے مطابق ہوگی

یاترا پہلگام حملے کی وجہ سے نہیں روکی جائے گی،کشمیری خود اسے آگے بڑھائیں گے/ نائب وزیر اعلیٰ

سرینگر // پہلگام حملے کے باوجود امرناتھ یاترا معمول کے مطابق ہوگی کی بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کہا کہ انتظامیہ اور لوگ یکساں طور پر یاترا کو محفوظ اور پرامن طریقے سے جاری رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔سی این آئی کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سریند ر کما ر چودھری نے کہا کہ پہلگام حملے کے باوجود امرناتھ یاترا معمول کے مطابق ہوگی کی اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یاترا ذاتی عقیدے کا معاملہ ہے اور اسے تشدد کی کارروائیوں سے نہیں روکا جائے گا۔چودھری نے یاترا کو ایک گہری روحانی تقریب کے طور پر بیان کیا اور کہا کہ جو لوگ امرناتھ مندر کا سفر کرنا چاہتے ہیں وہ رضاکارانہ طور پر ایسا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ یاترا پہلگام حملے کی وجہ سے نہیں روکی جائے گی،کشمیری خود اسے آگے بڑھائیں گے‘‘۔حملے میں معصوم جانوں کے المناک نقصان کو تسلیم کرتے ہوئے، چودھری نے گھوڑے کے مالک عادل جیسے مقامی لوگوں کی بہادری کو اجاگر کیا جو دوسروں کو بچانے میں مدد کرتے ہوئے مر گیا۔ انہوں نے کہا کہ عادل جیسے لوگ کشمیر کی حقیقی روح کی نمائندگی کرتے ہیں۔خطے کی لچک کا اعادہ کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا’’جموں و کشمیر ایک بھرپور ثقافتی ورثہ رکھتا ہے، اور اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں لوگوں کے امن یا روح کو متزلزل نہیں کریں گی‘‘۔انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ اور لوگ یکساں طور پر یاترا کو محفوظ اور پرامن طریقے سے جاری رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔