رواں سال ابتک 99 ملی ٹینٹ تصادم آرائیوں کے دوران مارے گئے: آئی جی پی کشمیر
سرینگر// جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے دربگام گاوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ اتوار کے صبح ختم ہوئی ہے جس میں 3مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے۔پولیس نے بتایا مہلوکین میں ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت میں ملوث تھا ۔اس دوران کشمیر زون کے انسپکٹر وجے کمار نے بتایا کہ رواں سال ابتک 99ملی ٹینٹ تصادم آرائیوں کے دوران مارے گئے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق سنیچر کی شام جنوبی ضلع پلوامہ میں شروع ہونے والی جھڑپ رات بھر جاری رہنے کے بعد اتوار کے صبح ختم ہوئی ہے جس میں لشکر طیبہ سے وابستہ 3مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے ہیں،آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ تین میں سے ایک ریاض احمد نامی پولیس اہلکار کے قتل میں براہ راست ملوث تھا۔پولیس کے مطابق اتوار کے صبح تصادم کی جگہ سے مہلوک جنگجووں کی نعشیں برآمد کرکے اْن کے قبضے اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایاکہ پلوامہ کے دربگام علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں تین مقامی ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ تینوں لشکر طیبہ سے وابستہ تھے اور اْن کی شناخت جنید شیر گوجری ،فاضل نذیر بٹ اور عرفان احمد ملک ساکنان پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔جبکہ تصادم کی جگہ2اے کے رائفلیں، ایک پستول اور دیگر گولہ بارود برآمد کیا گیا۔انہوں نے مزید کہاکہ مہلوک جنگجو جنید شیر گوجری پولیس اہلکار ریاض احمدکے قتل میں براہ راست ملوث رہا ہے۔پولیس افسر کے مطابق علاقے میں محصور جنگجووں کے خلاف جوابی کارروائی سے قبل سیکورٹی فورسز نے آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا جس کے بعد ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ جنوبی ضلع پلوامہ کے دربگام علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے سنیچر کی شام کومشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی ہے انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز اور اس طرح رات بھر جاری رہنے والی جھڑپ میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔ادھرکشمیرزون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی ) وجے کمار نے اتوار کے روز بتایا کہ رواں سال ابتک 99جنگجو مارے گئے جبکہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور اْن کے معاونین کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران ابتک سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں کے دوران 99 ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پلوامہ تصادم آرائی کے دوران سیکورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا ، اور یہ کلین آ پریشن تھا جس دوران سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تین ملی ٹینٹوں کو مار گرانے میں کامیابی حاصل کی۔










