پرنسپل سیکرٹری کلچر نے مانسبل پارک میں ’میگا عوامی دربار ‘ کی صدارت کی

پرنسپل سیکرٹری کلچر نے مانسبل پارک میں ’میگا عوامی دربار ‘ کی صدارت کی

ترنگا ریلی کو ہری جھنڈی دِکھاکر روانہ کیا اور ایچ اے ڈِی پی کے تحت منظوری نامے تقسیم کئے

گاندربل//پرنسپل سیکرٹری کلچر سریش کمار گپتا نے مانسبل پارک میں ایک بڑے عوامی دربار کی صدارت کی جس میں صفاپورہ ، کنڈابل ، ینگورا اور گرٹہ بل سمیت مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اِس تقریب نے مقامی لوگوں کو اَپنے مسائل اور شکایات کو براہِ راست پرنسپل سیکرٹری تک پہنچانے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔عوامی دربار میں آئے ہوئے لوگوں نے پاندچھ۔بیہامہ روڈ کی چوڑائی، گوزامہ پُل کی تکمیل، شیر پتھری اور فاک علاقے میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کا قیام، کولڈ سٹوریج کی سہولیت، وومن کالج، پی ایچ سی صفا پورہ اور کرہامہ میں عملے کی کمی سمیت سماجی و اِقتصادی بنیادی ڈھانچے کے مسائل اُجاگر کئے۔ڈِی ڈِی سی ممبر صفا پورہ عبدالرشید نے لار کنال کی اَپ گریڈیشن، لکڑی کی الاٹمنٹ، مانسبل جھیل کی صفائی، مانسبل پارک کے اندر واش روموں کی فراہمی، کونڈابل کے رہائشیوں کی بازآبادکاری اور صفا پورہ پتھر کی کان کے کارکنوں کو درپیش چیلنجوں کو حل کرنے جیسے اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔باروسہ کی مارکیٹ ایسوسی ایشنوں نے سڑک کی چوڑائی سے متاثرہ دُکانداروں کے لئے بحالی کی پالیسی پر بروقت عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر نے مختلف امور پر تازہ ترین معلومات فراہم کیں اور سی اِی او کو مانسبل جھیل کی مجموعی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے پی ایچ سی کرہامہ اور صفا پورہ میں عملے کی کمی کو بھی دور کیا اور باروسہ مارکیٹ کے دُکانداروں کی بحالی کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تصدیق کی۔پرنسپل سیکرٹری نے اَپنے خطاب میں یقین دِلایا کہ حل طلب مسائل کو فوری حل کے لئے متعلقہ اِنتظامی سیکرٹریوں تک پہنچایا جائے گا۔اِس سے قبل سریش کمار گپتا نے مانسبل پارک سے ترنگا ریلی کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا جس میں مقامی لوگوں، طلبا اور سرکاری اَفسروںنے شرکت کی۔

پرنسپل سیکرٹری نے سوچھتا عہد کی قیادت کی اور پارک کے احاطے میں ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ اور’’ایک پیڑ شہیدوں کے نام‘‘مہم کے موضوع کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز کیا جس میں عوام پر زور دیا گیا کہ جاری سوچھتا پکھواڑہ مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ضلع اِنتظامیہ کے صفائی اَقدامات کی تعاون کریں ۔سریش کمار گپتا نے سکولی بچوں کی طرف سے پیش کردہ ثقافتی پرفارمنس کا بھی مشاہدہ کیا جسے پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حاضرین نے بہت سراہا۔پرنسپل سیکرٹری نے مشن یوتھ کے تحت اِستفادہ کنندگان میں منظوری نامے تقسیم کئے اور محکمہ لیبر کی اعلیٰ اِمدادی سکیم کے تحت چیک تقسیم کئے جس میں مقامی کمیونٹی کی مدد کے لئے اِنتظامیہ کے عزم پر زور دیا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر مشتاق احمد سمنانی ، اے سی آر، ایس ڈِی ایم کنگن، سی اِی او ایم ڈی اے، سی پی او اور دیگر ضلعی و سیکٹورل اَفسران نے شرکت کی۔