پینے کے پانی اور آبپاشی کی جاری سکیموں کا جائزہ لیا
کپواڑہ//پرنسپل سیکرٹری جل شکتی اشوک کمار پرمار نے سرحدی ضلع کپواڑہ کا دورہ کر کے جل شکتی محکمہ کی ترقیاتی کاموںکا جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری کے ہمراہ محکمہ سینئر اِنجینئران بھی تھے۔پرنسپل سیکرٹری نے کپواڑہ پہنچتے ہی ڈی سی آفس کپواڑہ میں متعلقہ اِنجینئران اور پی آر آئیز کی ایک مشترکہ میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) عرفان سلطان پنڈت پوری، وائس چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر ، ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی کے چیئر پرسنوں اور دیگر پی آر آئیز نے بھی شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے تمام جاری پروجیکٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ اِنجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی رفتار کو تیز کرنے کے لئے اَپنی کوششوں کو دوگنا کریں تاکہ اہداف کو مقررہ مدت کے اَندر حاصل کیا جاسکے ۔اُنہوں نے اُنہیں کام کے معیار کو برقرار رکھنے کی تلقین کی اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ نئے ڈھانچے کی تعمیر میں معیاری مواد کا استعمال کیا جائے۔اُنہوں نے عملے کی کمی کے بارے میں متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ عملے کی تعداد کی تفصیلات پیش کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے فیلڈ اہلکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی مسائل اور شکایات کے حل میں فعال کردار اَدا کریں۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے اَپنے خطاب میں پرنسپل سیکرٹری کو کپواڑہ ضلع میں پینے اور آبپاشی کے پانی کی کمی کی وجہ سے درپیش مختلف چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اُنہوں نے پرنسپل سیکرٹری سے کہاکہ وہ ضلع میں لوگوں کو درپیش پانی کے مسائل کو بروقت نمٹانے کے لئے توجہ مرکوز کریں۔وائس چیئرمین ڈی ڈی سی نے ضلع کے ترقیاتی پروفائل اور اَپنے علاقائی حلقے میں پانی کی فراہمی کے منظر نامے کے بارے میں بتایا۔اِس سے قبل ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چیئرمین نے پرنسپل سیکرٹری کو اَپنے اَپنے علاقوں میں پانی کی فراہمی اور آبپاشی کے مسائل سے متعلق معلومات فراہم کیں۔










