پرنسپل سیکرٹری اے آر آئی نے کولگام کا دورہ کیااور پی آر آئی اَرکان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا

کولگام//پرنسپل سیکرٹری اے آر آئی اور ٹریننگ ڈیپارٹمنٹ اشوک کمار پرمار نے آج کولگام کا دورہ کیا اور ضلع میں چلائے جارہے ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائینہ کیا۔دورے کے دوران اُنہوں نے ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی اور پنچایت ممبران کے ساتھ ایک اِستفساری میٹنگ طلب کی تاکہ ان کے خدشات ، شکایات اور ترقیاتی مسائل کا جائزہ لیا جاسکے۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بلا ل محی الدین بٹ نے ضلع ترقیاتی منظر نامے کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ دورانِ میٹنگ چیئرپرسن ڈی ڈی سی محمد افضل پارے ، ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی اور دیگر پی آر آئی ممبران نے ضلع کے مختلف ترقیاتی مسائل کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے 2014ء میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں جانکاری دی اور مستقبل میں سیلابی خطرے سے بچنے کے لئے دریائے ویشو پرمناسب حفاظتی بند کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔اُنہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کولگام میں عملہ بڑھانے اور پی ایم اے وائی ۔ جی کے کوٹا میں اِضافے کا بھی مطالبہ کیا۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی اور سکیموں کو عملانے میں پی آر آئیز کا کردار بہت اہم ہے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ پی آر آئیز کے تمام ترقیاتی خدشات پر غور کیا جائے گا تاکہ جمہوری غیر مرکوزیت کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔بعد میں دورے کے دوران اشوک کما رپرما ر نے آڈی گٹنو اور زنگل پورہ میں سیلاب سے بچائو کے بند کا دورہ کیا جہاں اُنہیں جانکاری دی گئی کہ یہ سیلاب سے بچائو بند 5.85کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے کنورجنس موڈ میں تعمیر کئے گئے ہیں جو علاقے کے کئی گائوں کو سیلابی خطرے سے بچارہے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری کو پوہلو میں امرت سروور کا دورہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں زائد اَز 274 امرت سرووروں کو اَزسر نوبحال اور تعمیر کیا ہے۔اُنہوں نے آکھرن میں نئے تیارکردہ کھیل میدان کا بھی معائینہ کیا جسے آر ڈی ڈی نے 12لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا تھا۔