modi

ٹیکس ادائیگی میں اضافہ عوام کے حکومت پر اعتماد کامظہر

2014سے پہلے ’بدعنوانی اور گھوٹالوں‘کا دورتھالیکن9برسوں سے نہیں: وزیر اعظم مودی

سری نگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ 2014 سے پہلے’’بدعنوانی اور گھوٹالوں‘‘کا دور تھا اور غریبوں کے حقوق اور ان کا پیسہ لوٹا جاتا تھا، لیکن اب ایک ایک پیسہ ان کے کھاتوں میں براہ راست پہنچ رہا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے عملی طور پر مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں سی ایم رائز گورنمنٹ مہاتما گاندھی ہائر سیکنڈری اسکول میں نو تعینات اساتذہ کے تربیتی اور واقفیت پروگرام سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد ٹیکس ادا کر رہی ہے، جو حکومت پر اُن کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے کہ ان کے پیسے کا صحیح استعمال ہو رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ امرت کال کے پہلے سال میں ہی مثبت خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں، جو بڑھتی ہوئی خوشحالی اور غربت میں کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ نیتی آیوگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ5 سالوں میں 13.50 کروڑ ہندوستانی بی پی ایل (غربت کی لکیر سے نیچے) کے زمرے سے باہر آئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد ظاہر کرتی ہے کہ ہندوستانیوں کی اوسط آمدنی گزشتہ9سالوں کے دوران بڑھ کر 13 لاکھ روپے ہو گئی ہے جو2014 میں 4 لاکھ روپے تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگ کم سے زیادہ آمدنی والے گروہوں میں منتقل ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ تمام شعبوں کو تقویت مل رہی ہے اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ وہ اس یقین کے ساتھ اپنا ٹیکس جمع کرانے آرہے ہیں کہ ان کی ایک ایک پائی ملکی ترقی پر خرچ کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت 2014 میں10ویں پوزیشن سے اب دنیا میں5ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ کرپشن اور گھوٹالوں کے دور میں 2014 سے پہلے ہی غریبوں کے حقوق اور ان کا پیسہ ان کے کھاتوں میں پہنچنے سے پہلے ہی لوٹا جا رہا تھا۔ اب، ایک ایک پیسہ براہ راست ان کے کھاتوں میں پہنچ رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ نظام میں رساو کو روکنے کا مطلب غریبوں کی فلاح و بہبود پر زیادہ رقم خرچ کرنا ہے۔