سرینگر//جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے پامپور علاقے کے کھریو بستی میں اتوار کو ایک 32 سالہ نجی اسکول ٹیچر نے مبینہ طور پر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی جبکہ خطہ پیر پنچال کے راجوری میں فوجی جوان نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔جنوبی کشمیر کے قصبہ پانپور کے کھریو علاقے میں ایک نوجوان غلام مصطفیٰ (نام تبدیل) جو کہ ایک مقامی نجی اسکول میں بطور استاد کام کر رہا تھا، نے مبینہ طور پر شار کھریو میں اپنی رہائش گاہ پر پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے لاش کو قبضے میں لے لیا اور طبی اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد متوفی کی لاش کو آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موت کی اصل وجہ اور انتہائی اقدام کے پیچھے وجوہات جاننے کے لیے قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت تحقیقات شروع کر دی گئی ۔ادھر راجوری ضلع میں اتوار کو ایک فوجی نے اپنی سروس رائفل سے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔فوج کی ایلیٹ پارا یونٹ سے تعلق رکھتا ہے اور راجوری ضلع میں رومیو فورس میں تعینات ہے، این کے دیپک سنگھ کے نام سے شناخت شدہ سپاہی نے یونٹ میں AK 47رائفل سے خود پر گولی چلائی جہاں وہ تعینات تھا۔ایک پولیس اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ فوجی نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔










