’وَتستا کلچرل فیسٹول ‘کے پیشگی تقاریب کی شروعات

ویری ناگ ، سری نگر ، مانسبل اور وٹلب میں رنگارنگ ثقافتی پرگراموں کا اِنعقاد

سری نگر//وادی کے متعدد مقامات پر آج شروع ہونے والے ’وتستا کلچرل فیسٹول ‘ کے پیشگی تقاریب نے دھوم مچادی ہے ۔ اِس ضمن میں مختلف مقامات پر رنگارنگ ثقافتی پروگراموں کااِنعقاد کیاگیا جن میں لوگوں کی بھاری تعداد شامل ہوئی۔جنوبی کشمیر کے ویری ناگ میں ایک کلیدی تقریب کااِنعقاد کیا گیا جس میں عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقعہ پر معززین اور اعلیٰ افسران نے بھی اپنی موجودگی سے ثقافتی تقریب کو رونق بخشی۔ ان شخصیات میں ویری ناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران، ویری ناگ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کمشنر، میونسپل کمیٹی کے صدر اور کئی دیگر قابل ذکر شخصیات شامل تھیں۔اس کے علاوہ، شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں وٹلب گھاٹ اور گاندربل ضلع میں واقع ایک خوبصورت مقام مانسبل اور سرینگر کی شیرِ کشمیر پارک میں بھی رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ان غیر معمولی تقریبات میں شرکاء نے خوبصورت لوک گیتوں اور رقص اور دل موہ لینے والے مقامی ڈراموں کی پرفارمنس کو والہانہ طور سراہا۔ فنکاروں نے بانڈہ پاتھر، گجری، دھمالی، بچہ نغمہ، روف جیسے روایتی فنون کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو دل موہ لیا۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ وَتستا کلچرل پروگرام کا تیسرا اور آخری ایڈیشن 23 سے 25 ؍جون تک ڈل جھیل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں منعقد ہوگا۔ توقع ہے کہ یہ سرینگر میں منعقد ہونے والا ایک ناقابل فراموش تقریب ثابت ہوگی۔دریائے جہلم کے قدیم ویدک نام سے منسوب اس تہوار کا مقصد آزادی کا امرت مہااُتسو کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘‘کے ویژن کو تقویت پہنچانا ہے۔ اس عظیم میلے کا اہتمام مرکزی وزارت ثقافت کے ذریعے نارتھ زون کلچرل مرکز پٹیالہ سے کیا جا رہا ہے۔ میلے کے پہلے دو حصے چنئی (تامل ناڈو) اور پونے (مہاراشٹرا) میں منعقد کئے گئے تھے۔آج سے شروع ہوئیں پیشگی تقریبات کا یہ سلسلہ وادی بھر میں متعدد تاریخی مقامات پر منعقد ہورہا ہے۔ ، منتظمین کا کہنا ہے کہ سرینگر کے امر سنگھ کالج، زنانہ کالج نواکدل، شیر کشمیر پارک، اور بڈگام گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں کل یعنی سنیچر کو تقریبات کا اہتمام ہوگا۔ اس طرح کے پروگرام 21 ؍جون تک سرینگر اور دیگر کئی اضلاع میں تقریباً دو درجن مقامات پر جاری رہیں گے۔ ان پروگراموں کے انعقاد کا مقصد کشمیری ثقافت کے متنوع فن کی نمائندگی کرنے والے فنکاروں کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ثقافتی پروگرام ان فنکاروں کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے اور ان کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔