وزیر اعلیٰ کے مشیر کی وفود اور اَفراد سے ملاقات

وزیر اعلیٰ کے مشیر کی وفود اور اَفراد سے ملاقات

حقیقی مسائل کے فوری حل کا یقین دِلایا

سری نگر//وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے عوامی مسائل کے حل کے حکومتی عزم کو جاری رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے عوامی خدمات اور آؤٹ ریچ آفس گپکار میں مختلف وفود اور اَفراد سے ملاقات کی۔چیئرمین جموں و کشمیر گورنمنٹ ایمپلائز جوائنٹ کنسل ٹیٹو کمیٹی اعجاز خان کی قیادت میں ایک وفد نے مشیر سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کے ملازمین کو درپیش مختلف مسائل کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے ملازمین سے متعلق فلاحی اَقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔مشیرموصوف نے وفود کو بغور سنا اور اُنہیںیقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل اور خدشات کو مرحلہ وار طریقے سے حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملازمین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اِسی طرح جموں و کشمیر ہائیر ایجوکیشن کنٹریکچول ٹیچرز ایسوسی ایشن نے بھی مشیرموصوف سے ملاقات کی اور اَپنے مطالبات کا ایک میمورنڈم پیش کیا۔اُنہوں نے صحت و طبی تعلیم محکمہ کے تحت ایس آر او 364 کے مطابق برابری کا مطالبہ کیا۔مشیر موصوف نے ان کے مطالبات پر ردِّعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت ملازمین کی مشکلات کو سمجھنے اور حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوںنے کہا کہ ان مسائل اور خدشات کو اچھی طرح سے دیکھا جائے گا اور فوری طور پر حل کیا جائے گا۔دریں اثنا، متعدد اَفراد نے بھی مشیرموصوف سے ملاقات کی اور اَپنے مسائل پیش کئے جن میں ایس آر او 43 کے تحت ایڈجسٹمنٹ، ایس آئی سی او پی میں زیرِ اِلتوأ ادائیگیاں اور اَپنے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری جیسے مسائل شامل تھے۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کا عوامی خدمات اور آؤٹ ریچ آفس میں روزانہ درجنوں وفود اور اَفراد اَپنے مسائل کے حل کے لئے آتے ہیں۔ حکومت نے عوامی مسائل کے ازالہ کے لئے ایک مؤثر نظام ترتیب دیا ہے جو آف لائن اور آن لائن دونوں طریقوں سے فعال ہے۔