مرکزی وزیر داخلہ نے وزیر اعلیٰ کو فون کیا ، مرکزی حمایت کی یقین دہانی کرائی
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے آج کٹھوعہ کے متعدد حصوں میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جانوں کے المناک نقصان اور وسیع پیمانے پر مالی نقسان پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ۔ وزیر اعلیی نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور متاثرہ لوگوں کو تمام ضروری امداد کی یقین دہانی کرائی ۔ فوری امداد فراہم کرنے کیلئے مسٹر عمر عبداللہ نے وزیر اعلیٰ کے امدادی فنڈ سے ایکس گریشیا امداد کا اعلان کیا جو اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ ( ایس ڈی آر ایف ) کی حمایت کے علاوہ ہو گا ۔ مالی امداد میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے 2/2 لاکھ روپے ، شدید زخمی ہونے والوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے اور معمولی زخمی ہونے والوں کیلئے 50/50 ہزار روپے ، مکمل طور پر تباہ ہوئے مکانات کیلئے ایک ایک لاکھ روپے ، شدید نقصان پہنچنے والے مکانات کیلئے 50/50 ہزار روپے اور مکانوں کو جزوی طور پر نقصان پر 25/25 ہزار روپے شامل ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ان کی مکمل حمایت میں توسیع کیلئے ترجیحی طور پر فوری امداد ، بچاؤ اور انخلاء کے اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دُکھ کی اس گھڑی میں لوگوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور انہین یقین دلایا کہ آفات سے متاثرہ افراد کی تکلیف کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائین گے ۔ مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امت شاہ نے ایتوار کے روز وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے کٹھوعہ کی صورتحال کے بارے میں بات کی اور مرکز سے تمام ضروری تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر داخلہ کی یقین دہانی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جے اینڈ کے حکومت اور مرکز کی مشترکہ کوششوں سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت راحت فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے کل ہی وزیر اعلیٰ نے کشتواڑ کے سیلاب سے متاثرہ چشوتی گاؤں کا دورہ کیا جو کلاؤڈ برسٹ کے ذریعے تباہ ہوا ہے ۔ انہوں نے ذاتی طور پر نقصان کا جائیزہ لیا ، متاثرہ خاندانوں سے بات چیت کی اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔
جاوید ڈار نے کٹھوعہ کلاؤڈ برسٹ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دُکھ کا اظہار کیا
سرینگر//وزیر برائے زراعت ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج مسٹر جاوید احمد ڈار نے کٹھوعہ میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ مسٹر جاوید ڈار نے کہا کہ اس افسوسناک المیہ کی وجہ سے جموں و کشمیر کی ہر شعوری روح لرز اٹھی ہے جس نے متعدد خاندانوں کو تباہ کر دیا ۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی ہمت اور طاقت عطا کرے ۔ وزیر نے متاثرہ کاندانون کو یقین دلایا کہ انتظامیہ کو فوری طور پر امداد فراہم کرنے کیلئے متحرک کر دیا گیا ہے ۔










