سری نگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں غمزدہ کنبوں اور زخمی ہوئے اَفرادکے ساتھ یکجہتی کا اِظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لئے ایکس گریشیا ر اِمدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے حملے میں جان گنوانے والے اَفراد کے اہل خانہ کو 10لاکھ روپے فی کس مالی اِمداد دی جائے گی جبکہ شدید زخمیوں کو 2 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو ایک لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کل پہلگام میں ہوئے گھناؤنے دہشت گردانہ حملے پر گہرے دُکھ اور رنج و غم کا اِظہار کرتے ہوئے اسے بے گناہ شہریوں کے خلاف وحشیانہ اور احمقانہ بربریت قرار دیا۔وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک سخت مذمتی بیان میں کہا،’’دہشت گردی کے اِس گھناؤنے فعل کی ہمارے معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم قیمتی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہیں اور سوگوار کنبوں سے دِلی ہمدردی کا اِظہار کرتے ہیں۔ اس تاریک گھڑی میں ہم اُن کے ساتھ ہیں۔‘‘حکومت جموںوکشمیر نے مرنے والوں کے لواحقین کے لئے 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کے لئے 2 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کے لئے ایک لاکھ روپے ایکس گریشیا اِمداد کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے یقین دِلایا کہ جاں بحق اَفراد کو باوقار طریقے سے اُن کے آبائی مقامات تک پہنچانے کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کئے گئے ہیں۔ اِس کے علاوہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا،’’ہم سوگوار کنبوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اِس کٹھن وقت میں ہم اُن کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔‘‘وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا،’’دہشت گردی ہمارے عزم کو توڑ نہیں سکتی۔ جب تک اسِ بربریت کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا نہیں جاتا، ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔‘‘










