کہا،یہ پُل جنوبی کشمیر کے علاقوں سے چرارِ شریف او رپکھر پورہ تک رَسائی کو بہتر بنائے گا
پلوامہ// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز پلوامہ ضلع میں 50میٹرطویل اہم رہمو پُل کا اِفتتاح کیا جو شوپیاں، کولگام اور پلوامہ اَضلاع کو دارالخلافائی شہر سری نگر سے جوڑتا ہے۔محکمہ تعمیرات ِ عامہ ( روڈز اینڈ بلڈنگز) نے یہ پُل جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ (جے ٹی ایف آر پی) کے تحت عالمی بینک کی مالی اعانت سے 25.97 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے۔ پُل سے رہمو، متریگام، پکھرپورہ، زاگیگام، پترگام، تُجن، میرگنڈ، ٹھوکرپورہ، تِلسر، چرارِ شریف، یوسمرگ، کمرازی پورہ اور دیگر ملحقہ دیہاتوں کے زائد اَز 80,000 اَفراد مستفید ہوں گے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے ایک بڑے عوامی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہمو پُل شروع ہونے سے جنوبی کشمیر کی ایک بڑی آبادی کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ پُل جنوبی کشمیر کو سری نگر بالخصوص چرارِ شریف، پکھرپورہ اور بڈگام ضلع کے دیگر علاقوں سے رابطے کو نمایاں طور پر فروغ دے گا۔

وزیر اعلیٰ نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا،’’ہم اِنتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔‘‘اُنہوں نے ریاستی درجہ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا،’’ریاستی درجہ ہمارا ہدف نہیں بلکہ ایک بنیادی شرط ہے تاکہ ہم گزشتہ چھ سے سات برسوں میں جو کچھ کھو بیٹھے، اسے دوبارہ حاصل کرنے کا عمل شروع کر سکیں۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ ان کی عزتِ نفس کی بحالی اور شناخت کے تحفظ کے لئے ہے۔
وزیر اعلیٰ نے گزشتہ چھ ماہ میں حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف فلاحی سکیموں اور اقدامات کا بھی ذکر کیا۔اُنہوں نے کہا کہ رہمو پُل کی خاص اہمیت حاصل ہے کیوںکہ یہ پُل پلوامہ کے کئی دیہات کو بڈگام ضلع کی تاریخی زیارت گاہوںجیسے پکھرپورہ اور چرارِ شریف سے جوڑتا ہے ،جہاں وادی بھر سے عقیدت مند آتے ہیں۔ ستمبر 2014 ء کے تباہ کن سیلاب کے دوران اِس پُل کو شدید نقصان پہنچا تھا۔وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ یہ پُل ایک اہم رابطے کے طور پر کام کرے گا، ترقی کو فروغ دے گا اور مقامی آبادی کو درکار سہولیت فراہم کرے گا۔مقامی عوامی نمائندوں اور رہائشیوں نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ اَدا کیا کہ اُنہوں نے ان کے دیرینہ مطالبے کو پورا کیاجس سے اب لوگوں کو مزید سہولیت اور رسائی حاصل ہو گی۔

اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے حکومت کے اہم اقدامات اور فلاحی سکیموں کو اُجاگر کیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر، مقامی عوامی نمائندوں نے بھی اِجتماع سے خطاب کیا۔ اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، رُکن قانون ساز اسمبلی راجپورہ غلام محی الدین میر،چیئرمین ڈی ڈی سی پلوامہ سیّد باقر اندرا بی،رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور حسنین مسعودی، ڈی ڈی سی ممبران،ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔










