سری نگر میں ایشیا کا سب سے بڑا باغِ گلِ لالہ سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر کے مشہور باغِ گلِ لالہ میں ٹیولپ شو۔ 2025 کا افتتاح کیا۔ یہ باغ، جو ایشیا کا سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن ہے، زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ہے اور آج سے عام لوگوں کے لئے باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے۔یہ باغ 1.5 ملین سے زائدموسم بہار میں کھلنے والے پھولوں پر مشتمل ہے جن میں 74 سے زیادہ اقسام کے ٹیولپ شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ یہاں رنگ برنگے ڈافوڈلز، ہائیسنتھ اور مسکاری کے پھول بھی موجود ہیں جو ایک شاندار اور دِلکش نظارہ پیش کرتے ہیں۔

وزیرا علیٰ نے اِفتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹیولپ شو کو کشمیر کی متنوع قدرتی خوبصورتی کا جشن قرار دیا اور کہا کہ یہ دُنیا بھر کے قدرتی مناظر کے شوقین اَفراد کے لئے ایک اہم کشش ہے۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کی لازوال دلکشی اور قدرتی مناظر کو اُجاگر کرتے ہوئے دُنیا بھر کے سیاحوں کو یہاں بے مثال خوبصورت قدرتی نظاروں کو دیکھنے کی دعوت دی۔

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے باغ میں آئے ہوئے سیاحوں سے بات چیت کی اور انہیں ’’زمین پر جنت‘‘ میں خوش آمدید کہا۔ اُنہوں نے سیاحوںسے گزارش کی کہ وہ اِس دلکش باغ کے تجربات کو اَپنے ممالک میں جا کر دوسروں کے ساتھ بھی اِشتراک کریں۔اِفتتاحی دن سیاحوں اور مقامی لوگوں کی جانب سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا جو اس دِلفریب اور حسین پھولوں کے منظر کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔

وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر زراعت جاوید احمد ڈار، مشیر برائے وزیر اعلیٰ ناصر اسلم وانی اور کئی اراکین اسمبلی بھی تھے۔ِس تقریب میں موجود سینئر اَفسران میں وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا ، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری ، ڈائریکٹر فلوری کلچر کشمیر شکیل الرحمان ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ اور مھکمہ فلوری کلچر کے دیگر اعلیٰ اَفسران شامل تھے۔










