سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عید الفطر کے موقعہ پر جموںوکشمیر کے لوگوں کو دِلی مُبارک باد پیش کی ہے۔اَپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے عید کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اسے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے روزوں اور عبادات کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم نعمت قرار دیا۔اُنہوں نے کہا کہ عید اللہ سبحان و تعالیٰ کا شکر ادا کرنے، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے اور رمضان المبارک کے دوران ہم آہنگی ،اخوت و ہمدردی کے جذبات کو مضبوط کرنے کا نادر موقعہ ہے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ عید ایک ایسا وقت ہے جب لوگ رمضان المبارک کی برکتوں کی تقریب منانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں بانٹتے ہیں ، برادری کے رشتوں کو مضبوط کرتے ہیں اور باہمی احترام اور بھائی چارے کی اَقدار کو تقویت دیتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ خوشیاں بانٹنے، ہمدردی کا اظہار کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا وقت ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ تہوار جموں و کشمیر کی مشترکہ تہذیب، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ثقافتی شراکت داری کا حقیقی مظہر ہے جو اتحاد اور امن کے تانے بانے کو مزید مضبوط کرتا ہے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے دُعا کی کہ یہ عید جموں و کشمیر کے لوگوں اور دُنیا بھر میں عید منانے والوں کے لئے اَمن، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔










