وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ’رابطہ دفتر‘ میں عوامی رابط پروگرام کا اِنعقاد کیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ’رابطہ دفتر‘ میں عوامی رابط پروگرام کا اِنعقاد کیا

وفود نے مختلف مسائل اُٹھائے ، وزیر اعلیٰ نے فوری ازالے کی یقین دہانی کی اور موقعہ پر ہی احکامات جاری کئے

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سری نگر کے گپکار میں ’ رابطہ دفتر‘ میں ہفتہ وار عوامی رابطہ پروگرام کا اِنعقاد کیا جس میںلوگوںکے مسائل کو اَزالہ کرنے کے لئے براہِ راست اُن سے بات چیت کی۔جموںوکشمیر کے سابق محمد اشرف میر نے وزیر اعلیٰ کی اتھواجن، پنتھا چوک اور ملحقہ علاقوں میں مختلف ترقیاتی مسائل کی طرف توجہ مبذول کی۔ایس پی ایس لائبریری ایم اے روڈ لال چوک کے طلبأ نے لائبریری کے اوقات کار بڑھانے اور اِنٹرنیٹ کنکٹویٹی سمیت دیگر طالب علموں سے متعلقہ مسائل کے حل کی درخواست کی۔وزیر اعلیٰ نے طلبأ کے وفد کو یقین دہانی کرتے ہوئے کہا،’’لائبریریاں ایک سیکھنے والے معاشرے کے لئے انتہائی اہم ہیں۔ہم ان کو جدید اور طالب علم دوست بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔ تمام جائز مسائل پر غور کیا جائے گا۔‘‘خانقاہ ِ معلی سے پیرزادہ مسعود ہمدانی کی قیادت میں ایک وفد نے خانقاہ ِ معلی کی دیکھ ریکھ اور ترقی کے دیگر مقامی مسائل اُٹھائے۔ریٹائرڈ ویٹرنری ملازمین نے تنخواہوں میں بے ضابطگیوں اور پنشن کی اَدائیگی سے متعلق مسائل وزیر اعلیٰ کو گوش گزار کئے۔ اِسی طرح، جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کے ملازمین نے کونسل کے عملے کو پنشن کی سہولیات دینے کے لئے وزیر اعلیٰ کی مداخلت کی درخواست کی۔سپیشل سیل سے وابستہ سماجی کارکنوں نے جموں و کشمیر میں خواتین کے لئے مخصوص سیلوںکو جاری رکھنے اور مضبوط بنانے کی وکالت کی۔ جموں و کشمیر اَنٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (جے کے اِی ڈِی آئی) کے ملازمین نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور ترقی کے مواقع اور ملازمت سے متعلق دیگر مسائل پر بات کی۔شوکت احمد لون کی قیادت میں بصارت سے محروم اور جسمانی طور خاص اَفرادکے وفد نے بھی کئی اہم مسائل اُٹھائے جن میں مفت پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیمی اِداروں اور سرکاری دفاتر میں رَسائی، سکل ڈیولپمنٹ پروگرام اور شکایات کے ازالے کے لئے سنگل وِنڈو سسٹم کا قیام شامل ہے۔اِس کے علاوہ ہوٹل کاروبار سے وابستہ مشتاق برزہ کی قیادت میں ایک اور وفد نے حکومت سے سیاحت کی بحالی میں مدد کی اپیل کی اور اِنڈسٹری، تجارت اور ہوٹلنگ سیکٹر سے جُڑے مسائل کو اُجاگر کیا۔کشتواڑ سے آئے نمائندوں نے وقف جائیدادوں اور دیگر مقامی ترقیاتی مسائل سے متعلق اَمور کا اِظہار کیا۔متعدد دیگر وفود جن میں موجودہ اور سابق ممبران اسمبلی، عوامی نمائندے اور متعلقہ شہری شامل تھے، نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور بزرگوں کی پنشن، صاف پانی تک رَسائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے مسائل اُٹھائے۔وزیر اعلیٰ نے تمام وفود کے مسائل بغور سُنا اور ان کے جائز مسائل کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دِلایا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے متعدد معاملات میںموقعہ پر ہی احکامات جاری کئے تاکہ شکایات کا فوری اَزالہ یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’ہم مسائل سننے، مسائل کے حل کرنے اور ایک جوابدہ اور عوام دوست حکومت بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘اِس موقعہ پروزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور دیگرسینئر اَفسران بھی موجود تھے۔