جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایوان کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت ان انتظامی یونٹوں کی ترقی کے لئے پُرعزم ہے جو ان کے گزشتہ دور حکومت میں قائم کئے گئے تھے اور وقت کے ساتھ ساتھ ضروری بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو یقینی بنائے گی۔وزیر اعلیٰ نے رُکن اسمبلی جی اے میر کے ضمنی ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جے کے پی سی سی نے منی سیکرٹریٹ ڈورو کی تعمیر کا آغاز 2018 میں 590 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے کیا تھا۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ پلنتھ لیول تک کام مکمل ہوچکا ہے اور اس کے مطابق جزوی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔تاہم ، پی ڈبلیو ڈی نے 598.91 لاکھ روپے کی ایک تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈی پی آر) تیار کی تھی لیکن مطلوبہ اِنتظامی منظوری (اے اے) اور تکنیکی منظوری (ٹی ایس) نہیں دی گئی ہے۔ اُنہوںنے کہا، ’’مجموعی تخمینی لاگت 590 لاکھ روپے میں سے 2017-18 ء کے ڈِسٹرکٹ بجٹ کے تحت 25 لاکھ روپے جاری کئے گئے تھے جو کہ 39 لاکھ روپے کے کل کام کے دعوؤں کے مقابلے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ پلنتھ لیول تک کام مکمل ہو چکا ہے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ پی ڈبلیو ڈی نے 2021 ء میں 598.91 لاکھ روپے کا نظر ثانی شدہ ڈی پی آر تیار کیا تھا لیکن لاگت میں اضافے کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے تازہ ترین شیڈول آف ریٹس (ایس او آر ) کے مطابق اس کا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ اس ازسرنو جائزہ کے مکمل ہونے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔










