ڈیجیٹل انڈیا مشن سے، مواد کے تخلیق کاروں کی ایک دنیا کو تشکیل ملی۔ وزیر اعظم
سرینگر//وزیر اعظم مودی نے نیشنل کریئٹرس ایوارڈس پیش کیے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا مشن سے، مواد کے تخلیق کاروں کی ایک دنیا کو تشکیل ملی ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نئی دلّی کے بھارت منڈپم میں، تخلیق کاروں کیلئے، اب تک کے سب سے پہلے ایوارڈ پیش کیے۔ نیشنل Creator’s Award کے تحت ملک کی تخلیق کار برادری کی صلاحیت کا اعتراف کیا جاتا ہے۔ انھوں نے خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر بھی مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں پچھلے 10 سال کے دوران، انقلابی اعداد و شمار حاصل ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا مشن سے، مواد کی تخلیق کرنے والوں کی ایک نئی دنیا وجود میں آئی ہے۔ نیشنل کریٹرس ایوارڈ، مختلف شعبوں میں مہارت اور با اثر ہونے کا اعتراف کیے جانے کی ایک کوشش ہے۔ اِن شعبوں میں داستان گوئی، سماجی تبدیلی کی وکالت، ماحولیات کے تئیں استحکام، تعلیم اور Gaming وغیرہ شامل ہیں۔اِس ایوارڈ کا مقصد، مثبت تبدیلی کے عمل میں تیزی لانے کیلئے تخلیق کے استعمال کو بڑھاوا دینا ہے۔پہلے راؤنڈ میں 20 مختلف زمروں کے تحت ڈیڑھ لاکھ نامزدگیاں موصول ہوئیں۔ ووٹنگ راؤنڈ میں مختلف زمروں کے تحت، تقریباً 10 لاکھ ووٹ، ڈیجیٹل تخلیق کاروں کیلئے ڈالے گئے۔ اِس کے بعد 23 فاتحین کا انتخاب کیا گیا، جن میں تین بین الاقوامی تخلیق کار بھی شامل ہیں۔ یہ ایوارڈ، 20 زمروں کے تحت دیئے جائیں گے، جن میں بہترین داستان گو کا ایوارڈ، Disruptor of the Year، سال کا مقبول ترین تخلیق کار، Green Champion ایوارڈ اور سماجی تبدیلی کیلئے بہترین تخلیق کار ایوارڈ شامل ہے۔










