nirmala sitharaman

وزیرخزانہ نرملا سیتا رمن کا ستارہ عروج پر لگاتار تیسری مودی حکومت میں شامل واحد خاتون وزیر

سری نگر//نرملا سیتا رمن، جنہوں نے اتوار کو حلف لیا،واحدخاتون ہیں ،جنہیں لگاتارتیسری مرتبہ مرکزی کابینہ میں جگہ دی گئی ۔ جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق نرملا سیتا رمن نے پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا جنہوں نے مودی کی تیسری مدت میں وزیر کے طور پر حلف اٹھایا۔2014 اور 2019میں نریندر مودی کی زیرقیادت کابینہ کے وزرائ میں بی جے پی کے ایک شعلہ بیان ترجمان سے ان کے عروج نے اُنہیں بی جے پی حکومت کے نمایاں وزراءکے گروپ میں شامل کر دیا۔ مودی حکومت میں انہیں 2017 میں خاتون وزیر دفاع کے طور پر بھی مقرر کیا گیا۔جب ان کے سرپرست ارون جیٹلی بیمار ہوئے تو سیتا رمن کو 2019 کے عام انتخابات کے بعد نئی منتخب ہونے والی مودی حکومت میں مالیات کی ذمہ داری سونپی گئی۔ وہ آزاد بھارت کی پہلی پوری مدت خاتون وزیر خزانہ بن گئیں۔ اس سے پہلے، اندرا گاندھی جب بھارت کی وزیر اعظم تھیں تو مختصر مدت کے لئے ایک اضافی پورٹ فولیو کے طور پر فنانس سنبھال چکی تھیں۔ نرملا سیتا رمن نے لگاتار چھٹا بجٹ پیش کر کے ایک ریکارڈ بھی قائم کیا ۔پانچ سالانہ بجٹ اور ایک عبوری ، یہ کارنامہ اب تک صرف سابق وزیر اعظم مرار جی ڈیسائی نے حاصل کیا ہے۔2014 میں مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد، ارون جیٹلی نے وزارت خزانہ کا چارج سنبھالا اور 2014-15سے2018-19 تک لگاتار پانچ بجٹ پیش کیے۔ نرملا سیتا رمن18 اگست 1959 کو مدورائی میں پیدا ہوئیں (والد، نارائن سیتارمن، جو ریلوے میں کام کرتے تھے اورماں ساوتری، جو ایک گھریلو خاتون رہیں)، نرملا سیتارامن نے تروچیرا پلی کے سیتھ لکشمی رام سوامی کالج میں معاشیات کی تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد وہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی سے ماسٹرز اور ایم فل کرنے کے لیے دارالحکومت نئی دہلی چلی گئیں۔لیکن سیتا رمن کے سیاست میں آنے سے پہلے، وہ برطانیہ میں کارپوریٹ دنیا کا حصہ تھیں، جہاں وہ اپنے شوہر پراکلا پربھاکر کے ساتھ رہ رہی تھیں۔ دونوں کی ملاقات جے این یو میں پڑھائی کے دوران ہوئی تھی، اور ۱۹۸۶ میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ان کی ایک بیٹی ہے، پراکلا وانگمائی۔سیاسی میدان میں اترنے سے پہلے، نرملا سیتا رمن نے حیدرآباد میں سینٹر فار پبلک پالیسی اسٹڈیز کی ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر کام کیا، اور شہر میں ایک اسکول بھی شروع کیا۔ 2003 سے 2005 تک وہ قومی کمیشن برائے خواتین کی رکن بھی رہیں۔