Nayeem Ul Haq

وادی کے علاقوں میں بعد دوپہر موسم کے بدلتے رجحان کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی بارشیں

آئندہ 24گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوںمیں ہلکی برفباری کی پیشگوئی

سرینگر// وادی کشمیر کے علاقوں میں بعد دوپہر موسم کے بدلتے رجحان کے ساتھ کئی علاقوں میں ہلکی بارشیں درج ہوئی جبکہ ترال ، شوپیان اور کولگام میں شدید نوعیت کی ژالہ باری ہوئی ۔ ادھر آئندہ 24گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوںمیں ہلکی برفباری کی پیشگوئی کے بیچ جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں بعد دوپہر موسم کا بدلتا رجحان کا سلسلہ جاری رہے اور اتوار کو ایک بار پھر وادی کے کئی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئی جبکہ شوپیان اور کولگام کے متعدد علاقے میں شدید نوعیت کی ژالہ بھاری ریکارڈ کی گئی ۔ نمائندے کے مطابق اتوارکے بعد دوپہر سے موسم اچانک پھر بدل گیا جس کے ساتھ ہی آسمان پر بادل چھا گئے اور سرینگر سمیت وادی کے دیگر کچھ علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئی ۔کولگام سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ متعدد علاقوں میں شدید نوعیت کی ژالہ باری ہوئی ۔اسی دوران شوپیان سے بھی نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ شوپیان کے کئی علاقوں میں بعد دوپہر موسم اچانک بدل جانے کے ساتھ ہی شدید نوعیت کی ژالہ باری ہوئی ۔ا نہوں نے کہا کہ کچھ منٹوں تک جاری رہنے والی ژالہ باری نے میوہ باغات اور کھیتوں میں کافی نقصان کیا ہے ۔ترال سے بھی نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ترال کے کئی علاقوں خاص طو رپر پستونہ اور اس کے ملحقہ جات میں شدید نوعیت کی ژالہ باری سے خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ عام طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور اونچائی پر ہلکی برف باری کا امکان ہے جس میں 05مئی تک گرج چمک، آسمانی بجلی،ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے 5 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں تیز ہوائیں چلنے کے دوران جھیل ڈل، ولر اور دیگر آبی ذخائر میں شکارے یا کشتیاں چلانے سے احتراز کرنے کی صلاح دی ہے۔ محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں لوگوں سے مقامی انتظامیہ اور ٹریفک ایڈوائزریوں پر عمل کرنے کو کہا ہے۔