kashmir

وادی کشمیر میں ریکارڈ توڑ سیاحوں کی آمد سے تمام بڑے ہوٹلوں میں رہنے کی اب جگہ نہیں

وادی اگلے 10 دنوں میں موسم بہار کی تقریبات کا مشاہدہ کرے گی/ ناظم سیاحت کشمیر

سرینگر // وادی کشمیر میں ریکارڈ توڑ سیاحوں کی آمد سے تمام بڑے ہوٹلوں میں رہنے کی اب جگہ نہیں ہے کا دعویٰ کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر راجہ یعقوب نے کہا کہ روزانہ تقریباً 54 پروازیں سرینگر کے ہوائی اڈے پر اترتی ہیں جو تقریباً سیاحوں سے بھری ہوتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وادی اگلے 10 دنوں میں موسم بہار کی تقریبات کا مشاہدہ کرے گی۔ سی این آئی کے مطابق کشمیر میں موسم بہار کی شروعات ہوئی ہے جس میں سیاحت، امن اور مقامی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے تقریبات کی ایک متحرک لائن اپ ہے۔ ڈائریکٹر ٹورازم راجہ یعقوب نے کہا کیا کہ وادی چیف سیکرٹری اور کمشنر سیکرٹری سیاحت کی رہنمائی میں اگلے 10 سے 15 دنوں کے دوران موسم بہار کی تقریبات کا ایک سلسلہ دیکھے گی۔بادام واڑی فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر راجہ یعقوب نے کہا کہ ہم نے آج سے بہار میلے کا سلسلہ شروع کیا ہے،ہم نے اس کی منصوبہ بندی ایک ہفتہ پہلے کی تھی لیکن رمضان کے مقدس مہینے کی وجہ سے ہم نے آغاز میں تاخیر کی، اب ہم پورے جوش و خروش سے موسم بہار کا جشن منا رہے ہیں۔آنے والے واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یوسمرگ موسم بہار کے جشن کی میزبانی کرے گا، اس کے بعد پانپور میں وائلڈ ٹیولپ فیسٹیول اور کشمیر میں منفرد چیری بلاسم فیسٹیول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیری بلاسم جاپان میں مشہور ہے اور ہم اسے کشمیر میں بھی مقبول بنانا چاہتے ہیں تاکہ سیاح آئیں اور اس کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں۔یعقوب نے وادی میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بارے میں انکشاف کیا کہ چاہے یہ تاج ہو، ریڈیسن کلیکشن، للت، یا خیبر ہوٹل تمام بڑے ہوٹل سیاں سے بھرے ہیں اور کہا کہ روزانہ تقریباً 54 پروازیں سرینگر کے ہوائی اڈے پر اترتی ہیںجو سیاحو ں سے بھری ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی ٹیلنٹ اور ورثے کو فروغ دینے کے لیے دستکاری کے اسٹالز کے ساتھ میوزیکل اور ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ یعقوب نے کہا’’میڈیا کے ذریعے، کشمیر میں امن کا پیغام عالمی سطح پر پھیلتا ہے۔ ہمارے مقامی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم ملتا ہے، اور یہ ثقافتی تقریبات سیاحتی نقشے پر مقامات کو جگہ دینے میں مدد کرتی ہیں۔ ‘‘ پچھلی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کشمیر میں گزشتہ اکتوبر کی پہلی بین الاقوامی میراتھن پر روشنی ڈالی جس میں 59 بین الاقوامی رنرز سمیت 2,000 سے زائد ایتھلیٹس نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا ’’ ہم جلد ہی دوسرے ایڈیشن کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’ اس موسم بہار میں، پوری وادی ثقافتی اور ورثے کے پروگراموں کے ساتھ متعدد مقامات پر جشن منائے گی، جس سے عالمی سیاحتی نقشے پر کشمیر کی پوزیشن مضبوط ہوگی‘‘ ۔