حکام نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ والے علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی
سرینگر// وادی کشمیر میں خشک موسمی صورتحال کے چلتے جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے واقعات کے روکتھام کیلئے حکام نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ والے علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک ( ایس این این ) کے مطابق چلہ کلان کے ایام میں خشک موسمی صورتحال کے چلتے محکمہ وائلڈ لائف نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ والے علاقوں میں غیر ضروری طو پر داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔اس سلسلے میں جاری ایک حکمنامہ کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف نے عوام سے کہا ہے کہ وہ جنگلات میں کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کیلئے غیر مجاز داخلہ نہ کریں، خاص طور پر اس کے دائرہ اختیار میں آنے والے وائلڈ لائف کے جنگلی حیات کے تحفظ والے علاقے ہیں ۔ حکمنامہ میں لکھا گیا ’’وادی میں طویل عرصے سے جاری خشک موسم کی وجہ سے، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات ہوئے ہیں اور جنگلات میں آگ لگنے کا قوی اندیشہ ہے، کسی کو بھی پیشگی اجازت کے بغیر جنگلات، خاص طور پر جنگلی حیات کے تحفظ والے علاقوں میں کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کے لیے غیر مجاز داخلہ نہیں کرنا چاہیے‘‘۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ داخلے پر خاص طور پر برین، نشاط کنزرویشن ریزرو، داچھی گام نیشنل پارک، درہ کنزرویشن ریزرو، کھریو کھمنو کنزرویشن ریزرو، وانگاتھ کنزرویشن ریزرو اور تھجواس وائلڈ لائف سینکوری میں پابندی لگا دی گئی ہے۔حکمنامہ میں مزید کہا گیا ’’جنگلات اور وائلڈ لائف پروٹیکشن علاقے کے اندر جو بھی پایا جائے اس کے ساتھ وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کی دفعات کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا‘‘۔










