وادی میں پولیس،پبلک پارٹنرشپ گروپ میٹنگوں کا انعقاد

سری نگر//پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر، گاندربل اور بارہ مولہ میں پولیس نے کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ میٹنگ کی سہولت فراہم کی۔جے کے این ایس کے مطابقمیٹنگ کا اہتمام ایس ایس پی گاندربل اور ایس ایس پی بارہ مولہ آئی پی ایس کی ہدایت پر کیا گیا تھا۔گاندربل میں پبلک میٹنگ کی صدارت ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر غلام حسن جے کے پی ایس نے کی جس میں علاقے کے معززین بشمول ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر گاندربل نے عوام کے ساتھ معاشرے سے متعلق مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سماجی مسائل جیسے منشیات کی لت، چھیڑ چھاڑ، چوری، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ، تجاوزات وغیرہ میٹنگ کا بنیادی ایجنڈا تھا اور لوگوں کو ان سماجی برائیوں کے برے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ میٹنگ میں سول ایڈمنسٹریشن سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور لوگوں کو یقین دلایا گیا کہ ان کی شکایات کو جلدی سے ازالہ کیاجائیگا۔اس کے علاوہ ایس ایچ او تھانہ گاندربل انسپکٹر طارق احمد اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسی دوران شرکاء نے سماجی برائیوں سے نمٹنے کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کمیونٹی انٹریکشن میٹنگز کو سہولت فراہم کرنے میں پولیس کی کوششوں کو بھی سراہا جہاں لوگ آزادانہ طور پر اپنے خیالات اور رائے کا اظہار کر سکیں۔اسی دوران بارہ مولہ پولیس اور عوام کے بیچ بہتر تعلقات قائم رکھنے کے خاطر پولیس چوکی پلہلن میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ ایس ڈی پی او پٹن، محمد نواز جلسہ عام کے مہمان خصوصی تھے۔ گاؤں پلہلن کے عوام کی جانب سے ایس ڈی پی او پتن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ میٹنگ میں ایس ایچ او پی ایس پٹن انسپکٹر نثار احمد،چوکی آفیسر پلہلن، ایس آئی اطہر پرویز اور سب ڈویژن پٹن کے عملہ نے بھی شرکت کی۔ جلسہ عام میں معززین شہر، اوقاف کمیٹیوں کے ممبران، نمبرداروں، چوکیداروں، ٹریڈرز فیڈریشن اور فروٹ ایسوسی ایشنز سمیت پلہالن کے کونے کونے سے عوام نے شرکت کی۔بات چیت کے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل کو اٹھایا۔ ایس ڈی پی او نے تحمل سے شکایات سنیں اور اس کے بعد انہیں یقین دلایا کہ ان کی حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور علاقے کے لوگوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور ان کے جلد ازالے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مسائل اٹھائے جائیں گے۔شرکاء پر زور دیا گیا کہ وہ علاقے میں امن و قانون ،منشیات پر قابو اور ملک دشمن؍سماجی عناصر کی نشاندہی کرنے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں جو ہمیشہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔