2024-25میںآمدنی میں28فیصد اضافہ توانائی کی کھپت میں5فیصد کمی
سرینگر//وادی میںسمارٹ میٹروں کی تنصیب کے بعدکشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن نے مالی سال 2024-25کے دوران نمایاں آمدنی میں28فیصد اضافے اور توانائی میں5فیصد بچت ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ نومبر 2024 تک کے اعداد و شمار کے مطابق، ادارے کی کل آمدنی میں 28.19فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جب کہ توانائی کی کھپت میں کمی بھی دیکھنے کو ملی ہے، جو توانائی کی بچت اور بہتر آپریشنل کارکردگی کا ثبوت ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کی کل آمدنی 1357.63 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو مالی سال 2023-24کے اسی عرصے میں جمع ہونے والی 1059.08 کروڑ روپے سے 28.19فیصد زیادہ ہے۔ سب سے زیادہ اضافہ گھریلو صارفین کے زمرے میں دیکھا گیا، جہاں آمدنی میں 38.60فیصد کا اضافہ ہوا، جو 532.72 کروڑ روپے سے بڑھ کر 738.33 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ یہ اضافہ توانائی کی کھپت میں کمی کے باوجود گھریلو بلنگ کی بہتر وصولی اور صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔کمرشل اور بلک صارفین نے بھی آمدنی میں اہم کردار ادا کیا، جس میں 16.94فیصد کا اضافہ ہوا، اور یہ 179.55 کروڑ روپے سے بڑھ کر 209.97 کروڑ روپے تک پہنچا ہے۔صنعتی شعبے کی آمدنی میں 9.83فیصد کا اضافہ ہوا، جو 132.73 کروڑ روپے سے بڑھ کر 145.79 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ سرکاری اداروں اور دیگر زمرے میں بھی 23.11فیصد کا اضافہ ہوا، جس سے آمدنی 214.08 کروڑ روپے سے بڑھ کر 263.55 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔توانائی کی کھپت میں کمی اور آمدنی میں اضافے کے اس اثرات کو واضح طور پر سال بہ سال کے ترقیاتی اعداد و شمار میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اپریل سے نومبر 2024 کے دوران محکمہ بجلی نے 1357.63 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی، جو کہ 2023-24کے اسی عرصے میں 1059.08 کروڑ روپے سے 28.19فیصد زیادہ ہے۔ذرائع کے مطابق اس دوران رواں مالی سال میں کم تونائی کا استعمال کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق، اپریل تا نومبر 2024 کے دوران توانائی کی کھپت میں 5.26فیصد کی کمی آئی ہے۔ وی او آئی کے مطابق توانائی کی کھپت 2023-24میں اسی مدت کے دوران 6495 ملین یونٹس (ایم یو) سے کم ہو کر 2024-25میں 6154 ایم یوتک پہنچ گئی ہے۔اس کا ایک اہم پہلو ایگریگیٹ ٹیکنیکل اینڈ کمرشل (اے ٹی اینڈ سی) نقصانات میں نمایاں کمی ہے۔محکمہ کے نقصانات کو مالی سال 2023-24میں 59.92فیصد سے کم کر کے 2024-25میں 46.11فیصد تک لایا گیا۔محکمہ بجلی کی چیف انجینئر ڈسٹی بیوشن کہنا ہے کہ تمام شعبوں میں اس نمایاں آمدنی کے اضافے سے کشمیر پاور ڈسٹی نیوشن لمیٹیڈ کے توانائی کی ترسیل کی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور آمدنی کے نظام کو مزید مضبوط کرنے کی عکاسی ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس بڑھتی ہوئی آمدنی سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مزید سرمایہ کاری کی جائے گی تاکہ کشمیر بھر میں صارفین کیلئے زیادہ مستحکم توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔توانائی میں کمی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ محکمہ نے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن کے ذریعے تکنیکی نقصانات اور بجلی چوری اور بلنگ کی بے قاعدگیوں کے خلاف اقدامات کے ذریعے کمرشل نقصانات میں کمی کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے نقصانات میں کمی کی یہ کامیابی کشمیر کے مجموعی پاور منظر نامے پر مثبت اثر ڈالے گی، جس سے صارفین کو بہتر توانائی کی فراہمی اور اس کی پائیداری یقینی بنے گی۔ اس کامیابی سے توانائی کے شعبے کو مزید پائیدار بنانے میں مدد ملے گی، اضافی پاور جنریشن کی ضرورت کو کم کیا جائے گا اور ماحولیاتی اثرات کو بھی کم کیا جائے گا۔










